رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

ویب ڈیسک  جمعـء 26 مئ 2017
اجلاس میں کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات کے حکام شریک ہیں۔ فوٹو: فائل

اجلاس میں کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات کے حکام شریک ہیں۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ہے۔ اجلاس میں مفتی منیب الرحمان کے علاوہ کمیٹی ارکان اورمحکمہ موسمیات کے حکام شریک ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہو رہے ہیں جو چاند کی رویت کے حوالے سے ملنے والی شہادتوں کو وصول اور اس کی تصدیق سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کریں گی۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ چاند کی حتمی رویت کا اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی ہی کریں گے تاہم چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں دینے کے لئے 03009285203, 03006329700, 03335453499، 0519207880 اور 03006831822 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا

دوسری جانب ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند گزشتہ شب 12 بج کر45 منٹ پر پیدا ہو چکا ہے لیکن آج چاند دکھائی دینے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ آج شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر18 گھنٹے 55 منٹ ہو گی اورچاند دکھائی دینے کے لئے کم ازکم عمر19 گھنٹے ہونی چاہیے اس لیے پہلا روزہ 28 مئی بروز اتوار ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزسعودی عرب سمیت خلیجی اور مشرق وسطیٰ میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا اور دنیا کے بیشتر ممالک میں ہفتے کو یکم رمضان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔