ٹائلز سیکٹر کو سستی درآمدات اور اسمگلنگ سے خطرہ

بزنس رپورٹر  ہفتہ 27 مئ 2017
اضافی درآمدی ڈیوٹی مستقل لگانے سے شعبے میں12فیصدترقی ہوگی،شبیرٹائلز۔ فوٹو: فائل

اضافی درآمدی ڈیوٹی مستقل لگانے سے شعبے میں12فیصدترقی ہوگی،شبیرٹائلز۔ فوٹو: فائل

 کراچی: تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ اور سی پیک منصوبوں کی وجہ سے ملک میں سینٹری ٹائلز کی کھپت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، مقامی صنعت ٹائل سازی کی صلاحیت بڑھانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مصنوعات تیار کرنے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کررہی ہے تاہم درآمدی ٹائلز اور اسمگل شدہ ٹائلز کی وجہ سے اس شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کو خطرات لاحق ہیں۔

نیشنل ٹیرف کمیشن نے لاگت سے کم قیمت پر پاکستان میں ٹائلز کی ڈمپنگ کے خلاف 6فیصد سے 60فیصد تک عبوری ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کی ہے جس کی مدت جون کے وسط میں ختم ہورہی ہے۔ مقامی ٹائلز مینوفیکچررز نے اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی کے نفاذ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے مستقل بنیادوں پر عائد کرنے اور سی پیک منصوبوں میں بھی مقامی صنعت کو مساوی شیئر دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں شبیر ٹائلز اور سیرامکس لمیٹڈ کی جانب سے اٹالین ٹیکنالوجی سے تیار کردہ جدید ٹائلز کی نئی موڈش کلیکشن کی تعارفی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شبیر ٹائلز اینڈ سیرامکس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسعود جعفری نے کہا کہ پاکستان میں ٹائلز کی کھپت میں سالانہ 10 فیصد تک اضافہ ہورہا ہے، ٹائلز کی 50فیصد کھپت درآمدات سے پوری کی جا رہی ہے تاہم ایران اور چین سے ٹائلز کی اسمگلنگ اور انڈرانوائسنگ مقامی صنعت کے لیے خطرہ ہے، مقامی صنعت کے لیے بلند پیداواری لاگت اور ٹیکسوں کی وجہ سے اسمگل شدہ ٹائلز کا مقابلہ کرنا دشوار ہے۔

مسعود جعفری نے کہا کہ لاگت سے کم قیمت پر ڈمپ کیے جانے والے درآمدی ٹائلز پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی مستقل کیے جانے کی صورت میں مقامی صنعت میں مزید 10سے12فیصد نمو ہوگی۔ مقامی ٹائلز انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سی پیک منصوبوں میں بھی مقامی صنعت کو جائز حصہ دیا جائے۔

اس موقع پر جنرل منیجر سیلز اینڈ مارکیٹنگ عامر صغیر نے کہا کہ مارکیٹ میں اس وقت ڈیمانڈ اور سپلائی کے درمیان خلا موجود ہے اور یہ انتہائی ضروری ہے کہ مقامی سطح پر ٹائلز بنانے والے معیار، ڈیزائن اور مختلف اقسام پر توجہ دیتے ہوئے اس خلا کو پر کریں۔ انہوں نے بتایا کہ شبیر ٹائلز نے اطالوی پروڈکشن ٹیم کے زیر نگرانی گلیز پورسیلین پالش ٹائلز اور گیلز پورسیلین میٹ ٹائلز کی تیاری کے لیے 1.2ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری کی ہے اور پاکستان میں طلب بڑھنے کی صورت میں پیداواری استعداد بڑھانے کے لیے مزید سرمایہ کاری بھی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔