چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے اونچی اُڑان بھرنے کی ٹھان لی

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 27 مئ 2017
برمنگھم میں تربیتی کیمپ کے دوران بھرپورتیاری کا موقع ملا،وارم اپ میچزمیں درست کمبی نیشن تشکیل دینگے۔ فوٹو : فائل

برمنگھم میں تربیتی کیمپ کے دوران بھرپورتیاری کا موقع ملا،وارم اپ میچزمیں درست کمبی نیشن تشکیل دینگے۔ فوٹو : فائل

برمنگھم: کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ عالمی رینکنگ میں نمبر 8ہونے کی وجہ سے توقعات کا بوجھ نہیں رہا، دباؤ سے آزاد ہوکر جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے۔

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کو فیورٹس میں شمار نہیں کیا جا رہا، اس کے باوجود کپتان سرفراز احمد نے اونچی اڑان بھرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، برمنگھم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گزشتہ ایک، ڈیڑھ سال سے ون ڈے کرکٹ میں ہماری کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی، اس وقت بھی گرین شرٹس عالمی رینکنگ میں نمبر 8ہیں،ان پر توقعات کا بوجھ نہیں، بطور کپتان یہ میرا بھی کسی میگا ایونٹ میں پہلا امتحان ہے،ساتھی کرکٹرز کو ہدایت کردی کہ دباؤ سے آزاد ہوکر نیچرل اور جارحانہ کرکٹ کھیلیں، یہی سمجھا جائے کہ ڈومیسٹک میچ کھیل رہے ہیں، ایک ایک میچ کا پلان بناتے ہوئے ہر کھلاڑی کی صلاحیتوں کو ابھر کر سامنے آنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔ ٹیم بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں لڑتی ہوئی نظر آئے گی، مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرسکتے ہیں۔

سرفراز نے کہا کہ  ویسٹ انڈیزکیخلاف سیریز میں کنڈیشنز کافی مشکل تھیں لیکن پاکستان نے تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائی، برمنگھم میں تربیتی کیمپ میں بھرپور تیاری اور کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا موقع ملا، مشکل چیلنجز کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہیں، وارم میچز میں درست کمبی نیشن تشکیل دینے کی کوشش کرینگے، انھوں نے کہا کہ حالیہ کارکردگی کو دیکھا جائے تو بنگلہ دیش ایک مضبوط ٹیم ہے، تمیم اقبال اور محموداللہ سمیت ایک متوازن بیٹنگ لائن ہمارے بولرز کے حوصلے آزمانے کیلیے موجود ہوگی، ٹائیگرز کے بعد دوسرے وارم اپ میچ میں بھی فتح کے ساتھ میگا ایونٹ سے قبل اعتماد میں اضافے کی کوشش کرینگے۔

ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ بنگال ٹائیگرز ہمارے گروپ میں شامل نہیں،ان کے ساتھ سیمی فائنل میں مقابلہ ہوسکتا ہے،وارم اپ میچ کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے بہتر پلاننگ کرسکیں گے،بہرحال اس وقت ہمارا مقصد وارم اپ میچ میں جیت کے ساتھ بطور ٹیم اپنے اعتماد میں اضافہ کرنا ہے۔

بھارت سے میچ کے حوالے سے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ پوری قوم روایتی حریف پر فتح پانے کی خواہش رکھتی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ اپنی صلاحیتوں کا 100 فیصد استعمال کرتے ہوئے کامیاب ہوں،دباؤ سے آزاد ہوکر مثبت کرکٹ کھیلی تو فتح حاصل ہوگی،تمام کھلاڑی ذہنی اور جسمانی طور پر اس اہم مقابلے کیلیے تیار ہیں۔

فیلڈنگ میں مسائل کے بارے میں سرفراز نے کہا کہ دورئہ ویسٹ انڈیز کے دوران اس شعبے میں نمایاں بہتری نظر آئی، شاید 1،2کیچز ہی ڈراپ ہوئے ،گراؤنڈ فیلڈنگ بھی اچھی رہی، انگلینڈ کی کنڈیشنز مختلف ہیں لیکن یہاں تربیتی کیمپ میں فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کی رہنمائی میں کھلاڑیوں نے بڑی محنت کی ہے،اس کے نتائج بھی سامنے آئیں گے۔

کپتان نے کہا کہ ٹورنامنٹ رمضان المبارک میں ہورہا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ ٹرافی جیت کر قوم کو عید کا تحفہ دیں،اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی کارکردگی دکھانے کیلیے بیتاب ہے، بھارت، جنوبی افریقہ یا سری لنکا جو بھی حریف ہو ہر میچ میں ہم جان لڑانے کیلیے تیار ہیں، اچھا آغاز کرنے میں کامیاب ہوگئے تو ٹائٹل بھی جیت سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔