چمن میں پاک افغان سرحد 22 روزبعد کھول دی گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 مئ 2017
سیزفائربرقراررہے گا اورکوئی سرحدی خلاف ورزی قابل قبول نہیں ہوگی، آئی ایس پی آر: فوٹو: فائل

سیزفائربرقراررہے گا اورکوئی سرحدی خلاف ورزی قابل قبول نہیں ہوگی، آئی ایس پی آر: فوٹو: فائل

چمن: پاک افغان سرحد جزبہ خیرسگالی کے تحت  22 روز بعد کھول دی گئی تاہم کلی لقمان اور کلی جہانگیرمیں سیکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی جانب سے چمن بارڈر پر باب دوستی کھول دیا گیا۔ باب دوستی افغان حکام کی درخواست پررمضان المبارک میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کھولا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چمن واقعے پرپاکستان نے افغان بارڈرپولیس کو پیچھے دھکیلتے ہوئے اپنے علاقے پر موثر کنٹرول کیا جب کہ منقسم دیہات کی پاکستانی حصے میں مردم شماری مکمل کرلی گئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں : افغانستان کی جانب سے تحفظات دور کئے جانے تک چمن بارڈر بند رہے گا

آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیزفائر برقرار رہے گا اور کوئی سرحدی خلاف ورزی قابل قبول نہیں ہوگی جب کہ پاکستانی دستے انٹرنیشنل سرحد پرکلی لقمان اور کلی جہانگیرمیں پاکستانی جانب تعینات رہیں گے۔

دوسری جانب باب دوستی کھلنے کے بعد ایف آئی کا امیگریشن اور کسٹم آپریشن سمیت دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت بحال ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ افغان بارڈرفورسزکی جانب سے پاکستان میں مردم شماری ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا جب کہ فائرنگ اور گولہ باری سے ایف سی اہلکاروں سمیت 11 پاکستانی شہید جب کہ 46 افراد زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔