چوہدری نثار اور نیب کو صرف کراچی والے نظر آتے ہیں، ڈاکٹرعاصم

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 مئ 2017
 ڈی جی نیب اور پراسیکیوٹرز چوہدری نثار اور چئیرمین نیب کے اشاروں پر  ناچ رہے ہیں، ڈاکٹرعاصم  ۔ فوٹو؛ فائل

ڈی جی نیب اور پراسیکیوٹرز چوہدری نثار اور چئیرمین نیب کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں، ڈاکٹرعاصم ۔ فوٹو؛ فائل

کراچی: سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹرعاصم کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور نیب کو صرف میں اور کراچی والے نظر آتے ہیں۔ 

کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق مشیر پیٹرولیم اور 17 ارب روپے کرپشن میں نامزد ملزم ڈاکٹرعاصم کا کہنا تھا کہ میں ناظم آباد کا رہائشی ہوں اس لئے مجھے کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، اگر وفاق میں ہمت اور جرات ہے تو وہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں رہنے والوں پر ہاتھ ڈالیں صرف غریب کو کیوں نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وزارت داخلہ کی ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی مخالفت

ڈاکٹرعاصم کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار اور چئیرمین نیب ذاتیات پر اتر آئے ہیں ان کے اشاروں پر نیب پراسیکیوٹرز اور ڈی جی نیب ناچ رہے ہیں، چوہدری نثار اور نیب کو میں اور صرف کراچی والے نظر آتے ہیں۔ ان کا  کہنا تھا کہ مجھے بہت مجبور کیا جارہا ہے اگر میری مجبوری حد سے تجاوز کرگئی تو پھر سب کے نام بتادوں گا اور کوئی بھی نہیں بچے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سیاست چھوڑنا چاہتا ہوں لیکن میڈیا چھوڑنے نہیں دیتا

سابق مشیر پیٹرولیم نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے پیش کردہ بجٹ گمراہ کن ہے صحت کے لئے مختص بجٹ نا ہونے کے برابر ہے صحت کا بجٹ 6 فیصد ہونا چاہیے لیکن یہاں اس کا آدھا بھی نہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ کراچی کا پیسہ پنجاب پر لگایا جارہا ہے سندھ حکومت کو وفاق کی جانب سے ایک پیسہ نہیں دیا جارہا جس سے روڈ بنایا جائے اور وفاقی حکومت کراچی پورٹ سے سپر ہائی وے تک ایک سڑک بھی نہیں بنا سکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔