اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، 40 روزہ بھوک ہڑتال ختم

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 مئ 2017
فلسطینی اسیروں کو مہینے میں دو بار رشتے داروں سے ملنے کی اجازت ہوگی۔ فوٹو: فائل

فلسطینی اسیروں کو مہینے میں دو بار رشتے داروں سے ملنے کی اجازت ہوگی۔ فوٹو: فائل

تل ابیب: اسرائیلی جیلوں میں قید سیکڑوں فلسطینیوں نے مطالبات تسلیم کیے جانے اور رمضان شروع ہونے پر 40 روز سے جاری بھوک ہڑتال ختم کردی ہے۔

صیہونی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے رہنما قدروا فارس نے بتایا کہ عالمی تنظیم ریڈ کراس کی ثالثی میں ہڑتالی قیدیوں اور اسرائیلی حکام کے درمیان معاملات کو بہتر بنانے کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ اسرائیلی حکام نے فلسطینیوں کا اہم مطالبہ تسلیم کرلیا ہے کہ انہیں مہینے میں دو مرتبہ رشتے داروں سے ملنے کی اجازت ہوگی۔

اسرائیلی جیلوں میں قید 800 فلسطینیوں نے مطالبات کے حق میں 17 اپریل سے بھوک ہڑتال کی ہوئی تھی۔ کمزوری اور بھوک کی شدت کی وجہ سے پچھلے چند روز کے دوران 30 سے زائد فلسطینیوں کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ قیدیوں کی حالت زار پر مقبوضہ مغربی کنارے میں عوام اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم میں اضافے کا خطرہ بھی بڑھ گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔