امریکا میں مسلم خواتین کیساتھ بدسلوکی سے روکنے پر 2 افراد قتل

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 مئ 2017
واقعہ شہر پورٹ لینڈ کی پرہجوم ایکسپریس ٹرین میں پیش آیا۔ فوٹو: فائل

واقعہ شہر پورٹ لینڈ کی پرہجوم ایکسپریس ٹرین میں پیش آیا۔ فوٹو: فائل

پورٹ لینڈ: امریکی ریاست اوریگون میں اسلام مخالف بیان اور مسلمان خواتین کو برا بھلا کہنے سے روکنے والے دو افراد کو چھریوں کے وار کر کے قتل اور ایک کو زخمی کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ کی ایکسپریس ٹرین سے دو خواتین ٹرین میں سوار ہوئیں جن میں سے ایک نے حجاب پہنا ہوا تھا، باحجاب خواتین کو دیکھ کر ایک شخص اٹھا اور اس نے جارحانہ انداز میں اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کردی، دونوں خواتین کو ہراساں کرنے کی کوشش کی اور انہیں ٹرین سے اترنے کو کہا، جس پر ٹرین میں ہی موجود 3 افراد نے مداخلت کر کے اس انتہا پسند شخص کو روکنا چاہا تو اس نے خنجر نکال کر پے درپے وار کر کے تینوں افراد کو زخمی کر دیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: امریکا میں فائرنگ سے امام مسجد اور موذن جاں بحق

چھریوں کے وار سے زخمی ایک شخص تو ٹرین میں ہی جاں بحق ہو گیا جب کہ باقی دونوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تاہم تیسرے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

حملہ آور چھریوں کے وار کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا جسے پولیس نے بعد ازاں گرفتار کر لیا، پورٹ لینڈ پولیس نے قاتل کے بیان کو منافرت پر مبنی قرار دیا ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔