دنیائے فٹبال کے مہنگے ترین کھلاڑی، مکہ کی فضاؤں میں

ویب ڈیسک  پير 29 مئ 2017
دنیا کی سب سے خوبصورت جگہ اور چیز جو میں اپنی زندگی میں دیکھ رہا ہوں، پال پوگبا کی ٹویٹ : فوٹو : فائل

دنیا کی سب سے خوبصورت جگہ اور چیز جو میں اپنی زندگی میں دیکھ رہا ہوں، پال پوگبا کی ٹویٹ : فوٹو : فائل

ریاض: فرانس کے بین الاقوامی کھلاڑی اور مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کے اہم ستون پال پوگبا ان دنوں عمرے کی ادائیگی کے لئے مکہ المکرمہ میں موجود ہیں۔

فٹبال کی دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی پال پوگبا ان دنوں عمرے کی ادائیگی کے لئے مکے میں موجود ہیں۔ مکے کی فضاؤں میں جانے سے صرف 3 روز قبل ہی پال پوگبا نے یورپا لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کی تھی اور ان کی ٹیم نے یورپا لیگ کپ کا فائنل بھی اپنے نام کیا تھا۔ سیزن کے اختتام پر پال پوگبا نے ایک سوٹ کیس کے ہمراہ اپنی ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ عبادت کی غرض سے سفر کر رہے ہیں اور اس دوران وہ عمرہ کی ادائیگی کریں گے۔

https://twitter.com/paulpogba/status/868873417046491136

گزشتہ روز پال پوگبا نے مکے سے اپنی تصویر پوسٹ کرکے تحریر کیا تھا کہ دنیا کی سب سے خوبصورت جگہ اور چیز جو میں اپنی زندگی میں دیکھ رہا ہوں، پال بوگبا نے پوری امت مسلمہ کو رمضان کی مبارکباد بھی پیش کی۔

واضح رہے کہ 24 سالہ فرانسیسی فٹبالر پال پوگبا اس سے قبل بھی حج کی ادائیگی کے لئے مکے کا سفر کرچکے ہیں۔ انہیں گزشتہ برس دنیا کا سب سے مہنگے کھلاڑی بننے کا بھی اعزاز حاصل ہوا جب انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے اطالوی کلب یووینٹس سے آٹھ کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈ کی ریکارڈ قیمت کے عوض پوگبا کی خدمات حاصل کیں تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔