خاتون صحافی کا بوسہ لینے کی کوشش، ٹینس پلیئر پر فرنچ اوپن کے دروازے بند

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 31 مئ 2017
فرنچ ٹینس فیڈریشن نے اس نازیبا رویے کی مذمت کرتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ فوٹو: فائل

فرنچ ٹینس فیڈریشن نے اس نازیبا رویے کی مذمت کرتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ فوٹو: فائل

پیرس: سال کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن ٹینس کی انتظامیہ نے انٹرویو کے دوران خاتون صحافی کا بوسہ لینے کی کوشش کرنے والے ٹینس پلیئر پر پابندی عائد کر دی ہے۔

گزشتہ روز 21 سالہ فرانسیسی پلیئر میکزیم ہامو پہلے راؤنڈ میں ہارنے کے بعد فرنچ اوپن سے باہر ہوئے، میچ کے بعد ایک لائیو انٹرویو کے دوران انہوں نے خاتون رپورٹر مالے تھامس کو گردن اور کندھوں سے پکڑ کر بوسہ دینے کی کوشش کی، اس دوران خاتون مسلسل ان سے دور ہونے کی کوشش کرتی رہی۔

فرنچ ٹینس فیڈریشن نے اس نازیبا رویے کی مذمت کرتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جب کہ سوشل میڈیا پر فرانسیسی پلیئر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ہامو نے اپنے اس عمل پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے خاتون سے معافی طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رولینڈ گیرس میں میرا ہفتہ بہت شاندار گزرا، اس حوالے سے اپنے جذبات کے اظہار میں بھونڈا پن آ گیا، میں مالے کو جانتا ہوں اور ان کا دل سے احترام کرتا ہوں۔ اچھا ٹینس پلیئر بننے کیلیے اپنی غلطیوں سے سیکھ رہا ہوں۔

فرنچ اوپن میں میکزیم ہامو کا نامناسب رویہ پہلی مرتبہ نہیں دیکھا گیا، اس سے قبل صحافی کا سوال ناگوار گزرنے پر وہ انٹرویو سے اٹھ کر چلے گئے تھے جبکہ انہوں نے امپائر کے ساتھ بھی نامناسب انداز اپنایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔