نہال ہاشمی نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا

ویب ڈیسک  بدھ 31 مئ 2017

 اسلام آباد: غیر ذمہ دارانہ بیان پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹر نہال ہاشمی نے غیر ذمہ درانہ بیان پر اپنی سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ نہال ہاشمی نے اپنا استعفیٰ چیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کو جمع کرایا جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر ذمہ داریاں پوری نہیں کرسکتا لہذا میں فوری اپنی سینیٹ رکنیت سے مستعفیٰ ہوتا ہوں۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نے سینیٹر نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں وزیراعظم ہاؤس طلب کیا اور غیر ذمہ دارانہ بیان کی وضاحت مانگی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے پارٹی پالیسی اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نہال ہاشمی کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وزیراعظم نے غیر ذمہ دارانہ بیان پر نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کردی

دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی نہال ہاشمی کی تقریر کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے انہیں کل ذاتی حیثیت میں سپریم کورٹ میں طلب کر لیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔