پاکستان کو ایشین ٹینس کے 2 ایونٹس کی میزبانی مل گئی

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 1 جون 2017
پہلی بار آئی ٹی ایف جونیئر ایونٹس کراچی میں ہونگے، متعدد انٹرنیشنل پلیئرزکی شرکت متوقع۔ فوٹو: فائل

پہلی بار آئی ٹی ایف جونیئر ایونٹس کراچی میں ہونگے، متعدد انٹرنیشنل پلیئرزکی شرکت متوقع۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان کو ایشین ٹینس فیڈریشن کی دو انڈر 14 انڈر سپر سیریز ٹینس چیمپئن شپ کی میزبانی مل گئی۔

کراچی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ آئی ٹی ایف جونیئر ایونٹس کراچی میں منعقد ہوں گے، یکے بعد دیگرے ہونے والی ایشین ٹینس فیڈریشن 14اینڈ انڈر سپرسیریز ٹینس چیمپئن شپ میں متعدد ایشائی ممالک کے کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے جبکہ مقامی جونیئر کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کے لیے اپنی رینکنگ بہتر بنانے کے مواقع میسر آئیں گے۔

واضح رہے کہ یہ چیمپئن شپ کراچی جیمخانہ اور کریک کلب پر کھیلی جائیں گی، یہ مقابلے سینتھیٹک ہارٹ کورٹس پر شیڈول ہیں، ہر چیمپئن شپ میں 4 ایونٹ کے مقابلے ہوں گے جن میں بوائز انڈر14سنگلز اور ڈبلز کے ساتھ گرلز انڈر14سنگلز اور ڈبلز ایونٹس شامل ہیں، ٹورنامنٹ ریفری اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد رحمانی کے مطابق ان مقابلوں میں یکم جنوری 2003 اور31دسمبر 2007کے دوران پیدا ہونے والے کھلاڑی شرکت کے اہل ہوں گے جبکہ انٹر نیشنل ٹینس فیڈریشن کے رائج ipin ( انٹرنیشنل پلیئرز آئی ڈی نمبر) کے ذریعے مقابلوں میں شرکت کے لیے 13جون تک انٹری کرائی جاسکتی ہے۔ ایونٹس میں شریک تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو رہائش اور طعام فراہم کیا جائے گا جبکہ غیر مقامی کھلاڑیوں کو رہائش اور طعام کے لیے الاونس دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں مین ڈراز میں شریک تمام پاکستانی کھلاڑیوں کو ریلوے کا اکنامی کلاس کا کرایہ بھی دیا جائے گا، ان مقابلوں کی مکمل تفصیل ایشین ٹینس فیڈریشن کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے، دوسری طرف سابق قومی ڈیوس کپ کپتان خواجہ سعید حئی کوآرگنائزنگ کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔