اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی بڑی لہر، ڈیڑھ کھرب کا نقصان

بزنس رپورٹر  جمعرات 1 جون 2017
وسیع پیمانے پر سرمائے کا انخلا، انڈیکس861 پوائنٹس کی کمی سے50591 پر آگیا،65فیصد حصص کے بھاؤگرگئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

وسیع پیمانے پر سرمائے کا انخلا، انڈیکس861 پوائنٹس کی کمی سے50591 پر آگیا،65فیصد حصص کے بھاؤگرگئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

 کراچی: غیرملکیوں کی وسیع پیمانے پر سرمائے کا انخلا برقرار رہنے کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی مندی کی بڑی لہر رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی51000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی گرگئیں۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ بدھ کو کاروبار کے آغاز پرکچھ شعبوں میں خریداری سرگرمیوں کے باعث ایک موقع پر38.55 پوائنٹس تک کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن بعد ازاں غیرملکیوں کے ساتھ سرمایہ کاری کے کچھ مقامی شعبوں کی جانب سے بھی وسیع پیمانے پرسرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے مندی کی بڑی لہررونما ہوئی اور ایک موقع پر 1239.50 پوائنٹس تک کی مندی رونما ہوئی جس سے انڈیکس50213 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا لیکن اس دوران کچھ کثیرالقومی کمپنیوں، شعبہ توانائی میں نچلی قیمتوں پر ہونے والی خریداری سرگرمیوں نے مندی کی شدت کو کم کیا نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 861.59 پوائنٹس کی کمی سے 50591.57 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 545.63 پوائنٹس کی کمی سے 26688.96، کے ایم آئی 30 انڈیکس1555.54 پوائنٹس کی کمی سے 87447.53 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 376.80 پوائنٹس کی کمی سے 24760.65 ہوگیا۔

علاوہ ازیں کاروباری حجم منگل کی نسبت 75.12 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر41 کروڑ8 لاکھ16 ہزار260حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 382 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 109 کے بھاؤ میں اضافہ 248 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔