مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 2 نوجوان شہید

ویب ڈیسک  جمعرات 1 جون 2017
مئی میں بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی میں 28 کشمیری شہید ہوئے۔ فوٹو: فائل

مئی میں بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی میں 28 کشمیری شہید ہوئے۔ فوٹو: فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوپور میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے اور قابض افواج نے ناتھی پورا کے علاقے میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مزید دو نوجوانوں کو شہید کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کی نئی لہر

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بدھ کی شام کو کشمیری حریت پسندوں نے پولیس پر دستی بم کا حملہ کیا جس میں 4  سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ سی سی ٹی وی کی مدد سے حملہ آوروں کو شناخت کیا گیا اور سیکورٹی اہلکاروں نے ایک نوجوان کو گرفتار کیا جس سے تفتیش کے بعد ایک گھر کا محاصرہ کرلیا گیا جہاں دو حریت پسند موجود تھے۔ جھڑپ کے نتیجے میں دونوں کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ بھارتی پولیس نے جائے وقوعہ سے دو کلاشن کوف اور دیگر اسلحہ بارود برآمد ہونے کا دعویٰ کیا۔

دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی درندگی کے نئے اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کے مطابق مئی کے مہینے میں بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی میں 28 کشمیری شہید ہوئے، جس کے نتیجے میں 9 خواتین بیوہ اور 33 بچے یتیم ہوگئے۔ 3 افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کے ساتھی سمیت 11 کشمیری شہید

نہتے کشمیریوں کے احتجاج کو کچلنے کے لیے قابض افواج نے سخت کارروائی کی۔ براہ راست فائرنگ، پیلیٹ بندوقوں کے استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 945 افراد زخمی ہوئے۔ گھر گھر چھاپوں اور کریک ڈاؤن کے دوران کم عمر طلبہ اور حریت کارکنوں سمیت 367 افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ 120 گھروں کو نقصان پہنچایا گیا اور 59 خواتین سے زیادتی اور بے حرمتی کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔