وزیراعظم ہاؤس کے افسران کو دھمکانے والا جعلی پولیس افسر گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 1 جون 2017
جعلی پولیس انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

جعلی پولیس انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

 اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے جعلی ایس ایس پی بن کر وزیراعظم ہاؤس کے افسران کو دھمکانے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد پولیس نے خفیہ کارروائی کرتے ہوئے جعلی ایس ایس پی بن کر وزیراعظم ہاؤس کے افسران کو دھمکیاں دینے والے جعلساز کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ جعلی ایس ایس پی نے اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤس میں کمرا بھی بک کروا رکھا تھا اور وہیں سے اس سے وزیراعظم ہاؤس فون کیا اور مختلف افراد کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے حوالے سے افسران کو ہدایت بھی دیتا رہا، وزیراعظم ہاؤس کے افسران کو شک ہوا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے ریکی کر کے جعلی ایس ایس پی کو گرفتار کر لیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کراچی سے جعلی ڈی ایس پی گرفتار

گرفتار جعلی ایس ایس پی کی شناخت طاہر خیلی کے نام سے ہوئی ہے جو سندھ پولیس کا ریٹائر انسپکٹر اور کراچی کا رہائشی ہے، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے جعلی ایس ایس پی کو تھانے منتقل کر دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔