ایل او سی، بھارتی فائرنگ، 2 شہری شہید، 4 زخمی، پاک فوج کا موثر جواب

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 2 جون 2017
سول آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے۔ فوٹو : اے ایف پی

سول آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے۔ فوٹو : اے ایف پی

 اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ سے2 شہری شہید اور خواتین سمیت 4 زخمی ہوگئے جبکہ پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے اور بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے جمعرات کی صبح لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر کے علاقوں منڈھول، ناکر، لچیال، ککوٹہ اور درہ شیرخان میں سول آبادی پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہجیرہ کے نواحی گاؤں ککوٹہ میں 22 سالہ گلعاز احمد ولد محمد رشید اور درہ شیرخان کا 60 سالہ بزرگ فضل احمد ولد فیض احمد شہید ہوگئے، بٹل، جندروٹ اور تتہ پانی سیکٹرز میں بھی بھارتی فوج نے سول آبادی کو بلااشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 شہری زخمی ہوئے جن میں جمیل احمد ولد محمد سید، قاضی ضمیر ولد مقبول، جبین محبوب دختر محبوب اور طیبہ دختر حنیف شامل ہیں، پاک فوج نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا ہے اور ان کی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے، ڈپٹی کمشنر پونچھ راجا طاہر ممتاز کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیا و سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے جمعرات کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور یکم جون کی صبح بھارتی قابض فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سول آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، بھارت 2003 کے فائر بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نہتے معصوم افراد کو نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے، عالمی برادری بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا نوٹس لے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔