پاسپورٹ نظام کا پول کھولنے کیلیے مزید وڈیو جاری کرونگا علی اسد

انتظار میں ہوں رحمن ملک کب میرے خلاف کارروائی کرتے ہیں، لندن میں گفتگو


Monitoring Desk/INP August 01, 2012
انتظار میں ہوں رحمن ملک کب میرے خلاف کارروائی کرتے ہیں، لندن میں گفتگو. فوٹو نادرا

پاسپورٹ اسکینڈل کے مرکزی کرداربرطانوی نژاد پاکستانی محمد علی اسد نے کہاہے کہ پاکستان کے پاسپورٹ نظام کے غلطیوں سے پاک ہونے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، نظام کی غلطیوں سے دہشت گرد فائدہ اٹھا رہے ہیں، اس نے بھی ٹریلر دکھایا ہے اور پوری فلم ابھی باقی ہے۔

انھوں نے چیف جسٹس افتخارچوہدری سے اسکینڈل کانوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے پاس ثبوت ہیں جوانھیں پیش کرنے کوتیارہوں جبکہ پاکستان نے محمد علی اسد کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کردیے ہیں۔لندن میں نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے اس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پیسے لے کر پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنائے جاتے ہیں، ملک کی بدنامی میری وجہ سے نہیں کرپٹ لوگوں کے باعث ہو رہی ہے۔ محمد علی اسد نے کہا کہ عابد چوہدری کے بھائی عارف چوہدری کی موت اس کی وجہ سے نہیں بلکہ ایف آئی اے کی تفتیش کے دوران تشددسے ہوئی۔

پاکستان کے پاسپورٹ نظام کا پول کھولنے کے لیے مزید وڈیو جاری کروں گا،مزید کئی گھنٹوں کی وڈیو موجود ہے اگر اس کو جاری کیا تو رحمان ملک پر سکتہ طاری ہوجائے گا،وہ اس انتظار میں ہیں کہ رحمان ملک کب اس کے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ولن نہیں پاکستان کا پاسپورٹ نظام بہتر دیکھنا چاہتے ہیں،انھوں نے پاکستان کو بدنام نہیں کیا بلکہ اپنی صحافتی ذمے داریاں نبھائی ہیں۔ دریں اثناء حکومت پاکستان نے محمد علی اسد کی گرفتاری کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیے ہیں اور اس کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد علی اسد پر جعلسازی اور ملکی وقار کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں