کراچی میں قطر اسپتال سے نومولود بچی اغوا کرنے والے میاں بیوی گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 2 جون 2017
اغوا کار خاتون ڈاکٹر کے بھیس میں آئی اور بچی کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئی، پولیس۔ فوٹو : ایکسپریس

اغوا کار خاتون ڈاکٹر کے بھیس میں آئی اور بچی کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئی، پولیس۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: اورنگی ٹاؤن قطر اسپتال میں ڈاکٹر کے بھیس میں آنے والی خاتون نے نومولود بچی كو اغوا كرلیا تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغواکار میاں بیوی کو گرفتار کرکے نومولود بچی کو بازیاب کرالیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں واقع قطر اسپتال میں ڈاکٹر کے بھیس میں خاتون نے گائنی وارڈ سے نومولود بچی کو اغوا کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال کے گائنی وارڈ میں داخل علاقہ رہائشی عامر صدیقی كے گھر بچی كی ولادت ہوئی تھی تاہم ولادت کے کچھ  ہی دیر بعد ایک خاتون ڈاکٹر کے بھیس میں آئی اور نومولود بچی کا طبی معائنہ كرنے کے بہانے اپنے ساتھ لے گئی۔

واقعہ کے اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسپتال کے گائنی وارڈ کی تلاشی لی جہاں سے ملزمہ کا پرس ملا جس میں موجود شناختی کارڈ کی مدد سے پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں ایک گھر پر چھاپہ مارکر ملزمہ کے شوہر کو گرفتار کرلیا جس نے بچی کے اغوا کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی بیوی بچی کو جناح اسپتال لے کرگئی ہے، پولیس نے اغوا كار خاتون کے شوہر کی نشاندہی پر جناح اسپتال میں چھاپہ مارکر نولود بچی کو بازیاب کرکے والدین کے سپرد کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کار خاتون کی شناخت نائلہ کے نام سے ہوئی ہے، بچی كے اغوا میں ملوث ملزمان سے تفتیش جاری ہے جب كہ اغوا میں كسی گروپ كے ملوث ہونے كا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔