ر وشن راستہ

ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی  اتوار 4 جون 2017
جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

اچھی جگہ رشتہ ہوجائے
سوال: میں ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ لڑکی ہوں۔ ہمارے والد کا انتقال ہوچکا ہے۔ میری بڑی بہن کی شادی ہمارے تایا کے گھر ہوئی ہے۔ چار سال پہلے میرا رشتہ بھی میری بہن کے دیور سے آیا تھا۔ وہ لڑکا تعلیم یافتہ نہیں، ڈھنگ سے کوئی کام بھی نہیں کرتا۔ میرے گھر والے پھر بھی چاہتے تھے کہ میری شادی وہاں ہوجائے اس کی وجہ یہ ہے کہ میں خوب صورت نہیں بل کہ ایک عام صورت کی لڑکی ہوں۔ گھر والوں کے بے انتہا زور دینے کے باوجود میں نے اس رشتے سے منع کردیا۔ اچھے مواقع ملنے کے باوجود میں نے نوکری بھی اس لیے نہیں کی کیوںکہ امی گھر میں اکیلی ہوتی ہیں۔ اس کے باوجود میرے اس انکار پر امی چھوٹی چھوٹی باتوں پر مجھے طعنے دیتی ہیں۔
(نام شائع نہ کریں)
جواب: عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ سورۂ بقرہ کی آیت 163، گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اچھی جگہ رشتہ ہونے، خیروعافیت کے ساتھ شادی اور خوش و خرم ازدواجی زندگی کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل نوے روز تک جاری رکھیں۔

چھوٹا بھائی غیرذمہ دار ہے
سوال: ہم چار بہنیں اور تین بھائی ہیں۔ ہمارے والد کا انتقال ہوچکا ہے۔ ہمارے چھوٹے بھائی نے والد کے انتقال کے کچھ عرصے بعد ہی بہت ضد کرکے اپنی پسند کی شادی کی۔ شادی کے بعد اُس کے غیرذمہ داریاں اور زیادہ بڑھ گئیں۔ اُس نے ملازمت بھی چھوڑ دی ہے۔ بھائی اور اُس کی بیوی امی سے بدتمیزی کرتے ہیں۔
(س۔ز: جھنگ)
جواب: اپنی امی سے کہیں کہ وہ عشاء کی نماز کے بعد 101 مرتبہ سورہ فاتحہ کی آیت: اھدنا الصراط المستقیم Oگیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے بیٹے کا تصور کرکے اس کے چہرے پر تین بار دم کردیں اور اسے اصلاح احوال اور اپنے گھر والوں کے ساتھ اچھی طرح پیش آنے کی توفیق ملنے کی دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

شوہرکے فرائض۔۔۔۔۔
سوال: میری شادی چھے سال پہلے ہوئی۔ شادی کے ایک سال بعد ہی میرے شوہر نے مجھے گھر سے نکال دیا۔ میں پچھلے پانچ سال سے اپنی امی کے گھر میں ہوں۔ میرا چار سال کا ایک بیٹا بھی ہے۔ مایوس ہوکر اب ہم نے اُن پر خلع اور خرچہ دینے کا دعویٰ کیا ہے لیکن وہ لوگ نہ خلع دینے پر آمادہ ہیں اور نہ خرچ دینے پر تیار ہیں۔
(نام نہیں لکھا)
جواب: اللہ تعالیٰ آپ کے سسرال والوں کو ہدایت عطا فرمائے۔ بیوی بچوں کے حقوق اچھی طرح ادا کرنا مرد کی قانونی اور شرعی ذمہ داری ہے۔ رات سونے سے پہلے 101مرتبہ سورۂ بنی اسرائیل (17)کی آیت نمبر 34میں سے: واوفوا بالعھدان العھدکان مسؤلاO گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ اُن لوگوں کو آپ کے اور آپ کے بیٹے کے حقوق بہت عزت اور احترام کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق ملے۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

گنج پن
سوال: کافی عرصے سے بال گر رہے ہیں۔ اب تو سر کے بیشتر حصے پر گنج کے آثار نمایاں ہیں۔ مجھے دعا اور کوئی ایسا نسخہ بتادیجیے جس سے میرے بال گرنا بند ہوجائیں۔
(س۔ ع: بذریعہ ای میل)
جواب: صاف شفاف آسمانی رنگ کی شیشی یا بوتل میں خالص تِلوں کا تیل بھر کر رکھ لیں۔ بعد نماز عشاء ایک تسبیح الٓرٰتلک آیات الکتاب المبینO الرحیم الرحیم الرحیم پڑھ کراس تیل پر دم کریں، اگلے دن صبح سے شام تک اس بوتل کو دھوپ میں رکھیں۔ رات کو تیل پر دم کرنے اور صبح اس تیل کو دھوپ میں رکھنے کا یہ عمل چالیس روز تک جاری رکھیں۔ اکتالیسویں روز سے رات سوتے وقت یہ دم کیا ہوا تیل اپنے سر میں اچھی طرح مالش کرکے جذب کرلیں۔
کھانوں میں سبزیاں، دودھ اور پھل زیادہ لیں۔ ایک پیالی دودھ میں ایک ٹیبل اسپون شہد ملاکر روزانہ صبح نہار منہ پییں۔ میتھی دانہ لے کر باریک پیس لیں، گھیگوار کا گودا لے کر اس میں میتھی دانے کا سفوف اچھی طرح ملالیں۔ یہ مرکب دن میں کسی وقت بالوں پر لگائیں اور آدھے گھنٹے بعد سر دھولیں۔ یہ عمل ہفتے میں دو دن تین ماہ تک جاری رکھیں۔

پڑھائی میں دل نہیں لگتا
سوال: میں سیکنڈ ایئر میں آیا ہوں۔ فرسٹ ایئر کے پرچے کچھ زیادہ اچھے نہیں ہوئے۔ میرا پڑھائی میں بالکل دل نہیں لگتا۔ گھر والے مجھے پڑھنے کا کہتے ہیں تو ان پر بھی مجھے بہت غصہ آتا ہے۔
(ت۔ ف: فیصل آباد)
جواب: روزانہ صبح اور رات سونے سے پہلے اکیس مرتبہ سورہ فاطر (35) کی پہلی اور دوسری آیت تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پییں اور خود پر بھی دم کرکے پڑھائی میں دل لگنے کی دعا کریں۔

فیل ہونے سے ڈر لگتا ہے
سوال: مجھے شروع سے پولیس والوں کی وردی میں کشش محسوس ہوتی ہے۔ میں بھی پولیس میں جاب کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے گذشتہ سال پولیس کے لیے اپلائی کیا تھا لیکن میں رننگ ٹیسٹ میں فیل ہوگیا۔ میں چاہتا ہوں کہ اس بار میں اس ٹیسٹ میں فیل نہ ہوں اور مجھے میرے من پسند محکمے میں نوکری مل جائے۔
(نام شائع نہ کریں)
جواب: آپ رننگ ٹیسٹ میں فیل ہوگئے تھے، اس کا مطلب ہے کہ آپ کے ساتھ فٹنس کے مسائل ہیں۔ اپنی جسمانی صحت پر توجہ دیجیے۔ غذا میں گوشت، دودھ دہی کا استعمال زیادہ کیجیے۔ وٹامن اے، بی، سی اور ڈی مناسب مقدار میں لیتے رہیں اور روزانہ ہلکی پھلکی ورزش اور جاگنگ بھی باقاعدگی سے کرتے رہیں۔
بطورِ وظیفہ عشا کی نماز کے بعد سورہ الزمر (39)کی آیت 10کا ابتدائی حصہ:
قل یا عباد الذین امنوا اتقو ا ربکم للذین احسنوا فی ھذہ الدینا حسنۃ وارض اللّٰہ واسعۃ
گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے لیے کام یابیوں کی دعا کیجیے۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

مزید اولاد کی خواہش
سوال: شادی کے 7سال بعد تک ہمارے اولاد نہ ہوئی۔ ٹیسٹ کروانے پر پتا چلا کہ میرے شوہر میں جرثوموں کی کمی ہے۔ ان کے باقاعدہ علاج کے بعد اﷲ نے ہمیں ایک بیٹی سے نوازا جو اب ماشاء اللہ 5سال کی ہے۔ اس کے بعد اب تک دوبارہ حمل نہیں ہوا۔ میرے شوہر اور میری خواہش ہے کہ ہمارے ہاں بیٹا بھی ہو۔ کوئی ایسا نسخہ یا وظیفہ تجویز فرمادیں کہ مزید بچوں کی ہماری خواہش پوری ہوجائے۔
(بذریعہ ای میل)
جواب: اولاد میں تاخیر یا پہلی اولاد کے بعد دوسری بار حمل قرار پانے میں تاخیر کو ثانوی بانجھ پن) (Secondary Infertilityکہا جاتا ہے۔ سیکنڈری انفرٹیلیٹی کا علاج نسبتاً آسان ہے۔ اپنے شوہر سے کہیں کہ وہ روزانہ 50گرام چلغوزے مغرب کے بعد کھایا کریں۔
رات سونے سے پہلے 101مرتبہ سورۂ آلِ عمران کی آیت 38میں سے:
رب ھب لی من لدنک ذریۃ طیبۃ انک سمیع الدعا، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر صحت مند، صالح اور خوش نصیب اولاد عطا ہونے کی دعا کریں۔ یہ عمل تین ماہ تک جاری رکھیں۔

49XXXXY
سوال:میرا ایک 18سال کا بیٹا ہے ۔ بیٹے کی ذہنی عمر اُس کی جسمانی عمر سے کم ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس بیماری کا نام 49XXXXY ہے۔ اُس کا علاج چل رہا ہے۔ الحمداللہ اُس کی حالت میں بہتری آرہی ہے لیکن اگر دوا دینے میں تاخیر ہوجائے تو اُسے دورے بھی پڑنے لگتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ ہمیں کوئی وظیفہ یا دعا تجویز کردیں جو ہم علاج کے ساتھ ساتھ پڑھ سکیں۔
(ارشد رشید: عراق)
جواب: صبح، شام اور رات اکتالیس اکتالیس مرتبہ سورہ الاعلیٰ(87) کی ابتدائی تین آیات، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر بیٹے پر دم کردیں۔ صبح اور شام اللہ تعالیٰ کے اسماء یا شافی، یاخالق، یا وکیل، یاکریم تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے بچے کو پلادیں۔

گھر پر بندش
سوال: ہم تین بہن بھائی ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے میری شادی ہوئی تھی مگریہ رشتہ زیادہ دن نہ چل سکا۔ اب میں اپنے والدین کے گھر آگئی ہوں۔ چھوٹے بہن بھائی کے رشتے بھی نہیں آرہے۔ ہمارے گھر میں کوئی مہمان، کوئی رشتہ دار نہیں آتے۔ ملنے جلنے والے اکثر لوگ کہتے ہیں کہ ہمارے گھر میں داخل ہو تو ایسا لگتا ہے کہ دل گھبرا رہا ہو۔ بہت سے دوستوں کا کہنا ہے کہ ہمارے گھر پر کسی نے بندش کروائی ہوئی ہے۔
(ل۔ خ: سیالکوٹ)
جواب: صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورہ المائدہ (5)کی آیت 11 تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے مکان کے چاروں کونوں میں چھڑک دیں۔ رات سونے سے پہلے تین مرتبہ سورۂ اخلاص، سات مرتبہ سورہ فلق اور سات مرتبہ سورہ الناس پڑھ کر پانی پر دم کرکے سب گھر والوں کو پلائیں اور تھوڑا پانی مکان کے چاروں کونوں میں چھڑک دیں۔

بیرونِ ملک ملازمت
سوال: میں بہتر مستقبل کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہتا ہوں۔ اس مقصد کے لیے بیرونِ ملک کئی کمپنیز میں جاب کے لیے اپلائی کیا مگر کوئی پازیٹیو رپلائی نہیں آتا۔ میں جاب کی تلاش میں ایک بار دبئی بھی جاچکا ہوں مگر کوئی بات نہیں بنی۔
(فہد: ٹوبہ ٹیک سنگھ)
جواب: ان دنوں آپ کا باہر جانا مناسب معلوم نہیں ہوتا۔ بہتر ہوگا کہ بہتر روزگار کے لیے اپنے وطن میں ہی کوششیں کی جائیں۔ اللہ تعالیٰ برکت عطا فرمائیں۔ عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ سورۂ بنی اسرائیل (17)کی آیت 30گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر رزق میں کشادگی اور برکت کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

شوہر پاکستان واپس آجائیں
سوال: میرے شوہر 9 سال سے گلف میں مقیم ہیں۔ میں چاہتی ہوں کہ وہ پاکستان واپس آجائیں لیکن وہ ٹالتے رہتے ہیں۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ وہ کسی مسئلے میں اُلجھ گئے ہیں۔ آپ کوئی دعا بتادیجیے جس کی برکت سے اُن کی کوئی الجھن ہو تو وہ بھی دور ہوجائے اور وہ بخیریت پاکستان واپس آجائیں۔
(م۔ب: خانیوال)
جواب: رات سونے سے پہلے سورہ الروم (30)کی آیات 22-23، گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی فریاد بیان کیجیے۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔

امی نے رشتہ ختم کردیا
سوال: میرا رشتہ خالہ کے بیٹے سے طے ہوا تھا۔ اس میں والدین اور خاندان کے سب لوگوں کی مرضی شامل تھی۔ یہ رشتہ تین سال تک قائم رہا۔ جب خالہ نے باقاعدہ منگنی کے لیے کہا تو میرے والدین نے میری پڑھائی کا بہانہ کردیا اور خالہ کو صاف صاف کہہ دیا کہ اگر تمہیں جلدی ہے تو کہیں اور لڑکی دیکھ لو ۔ یہ سُن کر میری خالہ بہت روئیں۔ وہ مجھے بہت چاہتی ہیں۔ امی نے بلاوجہ یہ رشتہ ختم کردیا۔ میرے کزن بہت اچھے انسان ہیں۔ میں چاہتی ہوں کہ کسی طرح یہ اختلافات ختم ہوجائیں اور میرا رشتہ دوبارہ خالہ کے گھر طے ہوجائے۔
(ا۔ ص۔ کراچی)
جواب: بعد نماز عشاء اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ 101 مرتبہ ’’کھٰیٰعص‘‘ پڑھ کر اﷲ تعالیٰ سے دعا کریں۔ عمل کی مدت تین ہفتے ہے۔

ابو امی کو مارتے ہیں
سوال: میری والدہ بالکل پڑھی لکھی نہیں ۔ انہوں نے بہت دُکھ دیکھے ہیں۔ پہلے امی کی سونے کی چوڑیاں گم ہوگئیں۔ ابو اور اُن کے بہن بھائیوں نے امی پر ہی یہ الزام دھر دیا کہ انہوں نے یہ چوڑیاں خود بیچ دی ہیں۔ پھر ابو کے دس ہزار روپے میں سے 2000 روپے کسی نے نکال لیے تو اس کا بھی الزام امی پر لگ گیا۔ ابو امی کے ساتھ مار پیٹ کرتے ہیں۔ ابو گھر سے باہر بہت خوش اخلاق بنتے ہیں لیکن گھر میں ہر ایک پر غصہ کرتے رہتے ہیں۔ یہ سب کچھ دیکھ دیکھ کرمجھے بہت دکھ ہوتا ہے۔ صدمے کی وجہ سے اب میرا پڑھائی سے دل اُچاٹ ہوگیا ہے۔
(نام شائع نہ کیا جائے)
جواب: رات سونے سے پہلے 101مرتبہ سورۂ آلِ عمران (3)کی آیت 134میں سے :
والکاظمین الغیظ والعافین عن الناس واللّٰہ یحب المحسنین
گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے والد کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں کہ انہیں اپنی زوجہ کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنے کی توفیق عطا ہو۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

خط بھیجنے کے لیے پتا ہے۔
’’روشن راستہ‘‘ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
پی او بکس 2213 ،کراچی۔74600
ای میل: [email protected]
فون نمبر: 021-36685469

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔