حصص مارکیٹ سنبھل نہ سکی، مزید 2 حدیں گر گئیں

بزنس رپورٹر  ہفتہ 3 جون 2017
کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 45.10 فیصد کم رہا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 45.10 فیصد کم رہا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

 کراچی:  پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تکنیکی درستی کے باعث جمعہ کو بھی معمولی تیزی کے بعد مندی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 48700 اور48600 پوائنٹس کی مزید2 حدیں بھی گرگئیں۔

مندی کی وجہ سے 53.37 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید60 ارب23 کروڑ 75 لاکھ72 ہزار981 روپے ڈوب گئے تاہم کاروباری دورانیے میں بعض شعبوں کی محدود پیمانے پر خریداری سرگرمیوں کے سبب ایک موقع پر138 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن اس کے بعد غیرملکیوں سمیت دیگر شعبوں کی جانب سے وسیع پیمانے پر حصص کی آف لوڈنگ کے باعث تیزی بدترین مندی میں تبدیل ہوگئی اور ایک موقع پرمندی کی شدت1288.02 پوائنٹس کی کمی تک جاپہنچی تھی جس سے انڈیکس 48492.79 پوائنٹس کی سطح پر آگیا تھا لیکن اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر ہونے والی خریداری سرگرمیوں کے سبب مندی کی شدت میں کمی ہوئی۔

دوسری جانب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس225.51 پوائنٹس کی کمی سے 48555.30 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 231.74 پوائنٹس کی کمی سے 25375.63 ، کے ایم آئی 30 انڈیکس323.03 پوائنٹس کی کمی سے 83693.59 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 169.09 پوائنٹس کی کمی سے 23788.89 ہوگیا۔

واضح رہے کہ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 45.10 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر22 کروڑ 17 لاکھ60 ہزار450 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 356 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں155 کے بھاؤ میں اضافہ، 190 کے داموں میں کمی اور11 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔