چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ پر سیاہ بادل چھا گئے

سلیم خالق / نمائندہ خصوصی  ہفتہ 3 جون 2017

 لندن:  چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ پرسیاہ بادل چھا گئے، روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کیلیے بے چین شائقین کے ارمانوں پر بارش  پانی پھیرسکتی ہے۔

پاکستان اور  بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا اہم ترین مقابلہ اتوار کو ایجبسٹن  برمنگھم میں شیڈول ہے، مگر موسم کی وجہ سے میچ کا انعقاد خطرے میں لگنے لگا،2013 کے اسی ایونٹ کے برمنگھم میں شیڈول میچ سے قبل بھی دنیا بھر میں بہت زیادہ جوش وخروش پایا جا رہا تھا،  مگر بارش کی بار بار مداخلت کے بعد پاکستانی ٹیم 165 رنز پر ڈھیر ہوئی اور پھر بھارت نے22 اوورز میں درکار102 کا نظرثانی شدہ ہدف19.1 اوورز میں پورا کر کے ڈک ورتھ لوئس سسٹم پر 8 وکٹ سے مقابلہ جیت لیا تھا، البتہ اس بار پاکستانی ٹیم بہترین کھیل پیش کرنے کیلیے پُرعزم ہے۔

گزشتہ روز دوپہر 2 سے 4 بجے تک لائٹ پریکٹس سیشن ہوا، جس میں پہلے کھلاڑیوں نے فٹبال کھیلی، فزیکل ٹریننگ کے بعد نیٹ میں بولنگ اور بیٹنگ کی مشق ہوئی، حسن علی سے زیادہ بولنگ کرائی گئی جبکہ فیلڈنگ پریکٹس سے گریز کیا گیا، آخری لمحات میں ہلکی بارش بھی شروع ہو گئی تھی۔ ہفتے کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ اتوار کو 70 فیصد سے زائد ابررحمت برسنے کا امکان ظاہر کر دیا گیا، اس سے کروڑوں شائقین کرکٹ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، گزشتہ روز اسی وینیو پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی  بارش کی بار بار مداخلت کے باعث نامکمل رہا جبکہ چند روز قبل گرین شرٹس اور کینگروز کے مقابلے میں بھی 10.2 اوورزکا کھیل ممکن ہوسکا تھا جبکہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے تاحال پلیئنگ الیون تشکیل نہیں دی ہے۔

علاوہ ازیں آج صبح انالسٹ کے ساتھ بیٹھ کر کپتان اور کوچ فیصلہ کریں گے کہ اسپنر شاداب خان یا آل راؤنڈ  فہیم اشرف میں سے کسے میدان میں اتارا جائے، اسپنرز کیخلاف بھارتی بیٹسمینوں کی پُراعتماد بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے فہیم کے کھیلنے کا امکان زیادہ ہے، انھوں نے بنگلہ دیش سے وارم اپ میچ میں ٹیم کو ناقابل یقین فتح دلا کر اپنے چانسز مزید روشن کر لیے تھے۔

دریں اثنا پی سی بی کا خزانہ لٹاتے ہوئے آفیشلز کی فوج بھی برطانیہ پہنچ گئی ہے، شہریارخان لندن سے برمنگھم آ گئے اور ہفتے کو کھلاڑیوں سے خطاب میں انھیں جیت کی ترغیب دیں گے، اسی روز نجم سیٹھی کی آمد بھی متوقع ہے، ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین بھٹی اور انٹرنیشنل کرکٹ کے جی ایم عثمان واہلہ بھی انگلینڈ میں ہی ہیں، ٹیم کے ساتھ میڈیا منیجر رضا راشد اور سوشل میڈیا کے عون زیدی بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی آفیشلز کے دورئہ انگلینڈ پر بورڈ نے کروڑوں روپے ضائع کیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔