رینجرز کے تحت کراچی کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 جون 2017

کراچی: ترجمان رینجرز کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث رینجرز کے تقریباً تمام ونگز کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں ہیٹ اسٹروک کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پورے ملک کی طرح شہر قائد بھی اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 38.5 ڈگری  سینٹی گریڈ ہے جو 40 تک جاسکتا ہے اوردرجہ حرارت کے بڑھنے کی وجہ شمالی ہواؤں کی زیادتی کے باعث سمندری ہواؤں کی کمی بتائی جارہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی کا موسم آج بھی شدید گرم رہے گا

ترجمان رینجرز کے مطابق شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر سندھ رینجر کی جانب سے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہیٹ اسٹروک کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ شہر کے تقریباً تمام ونگزکی جانب سے اورنگی ٹاون، کٹی پہاڑی، اللہ والا چوک، گلشن بہار، سائٹ ایریا،  پاکستان چوک، نصرت بھٹو کالونی،  شاہراہ نورجہاں اور حیدری سمیت دیگر علاقوں میں بھی ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہیٹ اسٹروک کیمپس میں رینجرز کے مستند ڈاکٹرز اور میڈیکل عملہ موجود ہے جب کہ کیمپوں میں تمام ضروری ادویات کے علاوہ ایمبولینس، واٹرٹینکس اور ائیرکولر کی سہولت بھی موجود ہے اور کوئی بھی شہری فوری طبی امداد کے لیے ہیٹ اسٹروک کیمپ آسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔