دھمکیاں دینا جمہوریت نہیں مافیا کا کام ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 جون 2017

 لاہور: پاکستان تحریک ا نصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دھمکیاں دینا جمہوریت نہیں مافیا کا کام ہے اور سپریم  کورٹ کے جج نے بالکل ٹھیک کہا کہ مسلم لیگ (ن) مافیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاناما کی جے آئی ٹی کا انتظار کر رہی ہے، تاثر دیا جا رہا ہے کہ شریف خاندان کا بار بار احتساب کیا جا رہا ہے اور احتساب روکنے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھمکیاں دینا جمہوریت کا نہیں مافیا کا کام ہے اور سپریم کورٹ کے جج نے بالکل ٹھیک کہا کہ مسلم لیگ (ن) مافیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بنی گالا اراضی حلال کے پیسوں سے خریدی عدالت میں ثابت کروں گا

عمران خان نے کہا کہ یہ 1997 نہیں کہ آپ حملہ کر دیں گے، اب دور بہت بدل چکا لوگ اب باشعور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر شریف فیملی نے کچھ غلط نہیں کیا تو جھوٹ پر جھوٹ کیوں بولا جا رہا ہے، ایک بیٹا کچھ، دوسرا کچھ اور بیٹی کچھ کہہ رہی ہے، کلثوم نواز نے اعتراف کیا کہ لندن فلیٹس شریف خاندان کی ملکیت ہیں اور نواز شریف نے بھی ایک بار سچ بولا کہ جو لوگ غلط کام کرتے ہیں وہ اپنے نام پر جائیدادیں نہیں بناتے۔ منی لانڈرنگ کے ذریعے ہر سال 10 ارب ڈالر باہر جاتا ہے جب کہ میں نے بینکنگ سسٹم کے ذریعے ساری رقم پاکستان منتقل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔