پاکستان کیخلاف آئرلینڈ کی فتح

اسپورٹس رپورٹر  پير 5 جون 2017
میزبان ٹیم نے مقابلہ 3-2 سے جیت کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری لے لی، شین اوڈنوگی کا فیصلہ کن گول۔ فوٹو:فائل

میزبان ٹیم نے مقابلہ 3-2 سے جیت کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری لے لی، شین اوڈنوگی کا فیصلہ کن گول۔ فوٹو:فائل

لاہور: آئرلینڈ نے پاکستان کو2کے مقابلے میں 3گول سے ہرا کر 3 میچزکی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی۔

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں میں مصروف پاکستان ہاکی ٹیم کو آئرلینڈ میں میزبان سائیڈ کے ہاتھوں سیریز کے دوسرے میچ میں 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، اس سے قبل3 میچوں کی سیریز پر مشتمل پہلا میچ 2-2 گول سے برابر رہا تھا۔ میچ کے دوران آئرلینڈ کی ٹیم ہر بار برتری لینے میں کامیاب رہی۔

بیلفاسٹ میں ہونے والے اس میچ میں آئر لینڈ نے کھیل کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور12ویں منٹ میں پاکستان کے کھیل گول کرنے میں کامیاب ہو گئی، اس صورت حال کے بعد گرین شرٹس نے بھی میچ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی اور پہلے ہاف کے ختم ہونے سے پانچ منٹ قبل پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی، اس بار پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ علیم بلال نے کوئی غلطی کیے بغیر گیند کو جال کے اندر پہنچاکرمقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی میزبان سائیڈ ایک بار پھر مہمان ٹیم کے خلاف ایک گول کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی، پاکستان نے دوبارہ گول کر کے مقابلہ برابر کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا، گرین شرٹس کی یہ مہم اس وقت کامیاب بھی ہو گئی جب 45ویں منٹ میں پاکستان فاروڈز گیند کو حریف سائیڈ کے ڈی ایریا میں لے جانے میں کامیاب ہو گئے، وہاں پر پہلے سے موجود عمربھٹہ نے ساتھی کھلاڑی کے خوبصورت پاس پر گیند کو بڑی مہارت کے ساتھ گول پوسٹ کے اندر پھینک کر مقابلہ 2-2 گول سے برابر کر دیا۔

کھیل کے آخری پندرہ منٹوں میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلیے سخت محنت کی، آخری لمحات میں آئرلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی، شین او ڈونوگی نے اس موقع پر بھر پور فائدہ اٹھایا اور مہمان سائیڈ کے دفاعی حصار میں واضح شگاف کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 3-2سے برتری دلا دی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ عالمی رینکنگ میں آئرلینڈ 9ویں اور پاکستان 13ویں پوزیشن پر براجمان ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا آخری میچ  اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہوگا۔ادھر پاکستان ٹیم منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ ہار پر افسوس ضرور ہے لیکن تیسرا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

میڈیا سے بات چیت میں آفیشلز کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ انتہائی اہم ہے، میگا ایونٹ کی اہمیت کے پیش نظر ٹیم آئرلینڈ کے خلاف میچوں کے دوران کچھ تجربات بھی کیے جا رہے ہیں، دوسرے میچ میں کچھ نئے پلیئرز کو بھی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا، عہدیداروں کے مطابق شکست کا دکھ ضرور ہے تاہم پر امید ہیں کہ قومی ٹیم تیسرا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ٹیم مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ یورپی سرزمین پر کھیلنے کی وجہ سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں خاصا اضافہ ہوا ہے جس کا فائدہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچز کے دوران ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔