چھاپے اور مقابلے کے بعد خاتون سمیت44 ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 6 جون 2017
سرجانی ٹاؤن سے گرفتار ندیم کا لوٹ مار اور 5 موٹر سائیکلیں چھیننے کا اعتراف۔ فوٹو: فائل

سرجانی ٹاؤن سے گرفتار ندیم کا لوٹ مار اور 5 موٹر سائیکلیں چھیننے کا اعتراف۔ فوٹو: فائل

کراچی: پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر چھاپے اور مقابلے کے بعد خاتون سمیت 44 ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

سرجانی ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے مفرور ملزم ندیم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آلہ قتل ایک پستول برآمد کر لی، 2013 میں شہزاد نامی شخص کو قتل کیا تھا، ملزم سپاری کلر ہے قتل کے 2 لاکھ روپے وصول کیے تھے، ملزم نے10 اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں اور 5 موٹر سائیکلیں چھیننے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

ادھر عوامی کالونی پولیس نے دوران گشت مفرور ملزم ستار کلہوڑو کو گرفتار کر لیا، سولجربازار پولیس نے قتل کے مقدمے میں مفرور ملزم قربان علی کو گرفتارکرلیا ، پولیس کے مطابق ملزم نے 24 فروری 2016 کو خورشیدہ بی بی کو قتل کیا تھا اس کے بعد سے فرار تھا، ملزم کے خلاف سولجربازار تھانے میں مقدمہ الزام نمبر 25/16 درج تھا، مدینہ کالونی پولیس نے اشتہاری ملزم وقاص کو گرفتار کرلیا جبکہ مبینہ ٹاؤن پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی میں پولیس نے 3منشیات فروش محمد عقیل، صدام حسین اوراقبال حسین کو گرفتارکرکے بھاری مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔