مچھرمار اسپرے نہ ہوا تو کراچی میں زیکا وائرس پھیل سکتا ہے، طبی ماہرین

 منگل 6 جون 2017
حکومت زیکاوائرس کے خطرے کاادراک کرکے حفاظتی تدابیر اختیار کرے، ڈاکٹر قیصر۔ فوٹو: فائل

حکومت زیکاوائرس کے خطرے کاادراک کرکے حفاظتی تدابیر اختیار کرے، ڈاکٹر قیصر۔ فوٹو: فائل

اسٹاف رپورٹر: قومی ادارہ برائے امراض خون (نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر ایس شمسی نے ایکسپریس سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مچھروں سے مہلک امراض جنم لے رہے ہیں، مچھروں کے کاٹنے سے مختلف انفیکشن بھی لاحق ہورہے ہیں۔ ملیریا، ڈینگی، چکن گنیا اور زیکا وائرس سے متعلق امراض مچھروں کے کاٹنے سے جنم لے رہے ہیں۔

ڈاکٹر طاہر ایس شمسی نے کہا کہ پاکستان میں 15 سال سے ڈینگی وائرس موجود ہے ڈینگی کا سبب بننے والے ایڈیز ایچپٹائی مچھر پر قابو نہیں پایا گیا جس کی وجہ سے پاکستان میں چکن گنیا وائرس شروع ہوگیا اوراب اس بات کا خدشہ ہے کہ ان مچھروں کی وجہ سے کہیں زیکا وائرس نہ پھیل جائے؛ لیکن 2 محکموں کی لڑائی کی وجہ سے کراچی میں اسپرے مہم شروع نہ کی جاسکی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان میں ملیریا اورڈینگی کے بعد زیکا وائرس کا خطرہ منڈلانے لگا

دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ مچھر پاکستان سمیت دنیا بھر میں تباہی پھیلا رہے ہیں۔ کراچی میں چکن گنیا سے اب تک 4 ہزار متاثرہ افراد رپورٹ ہوچکے ہیں لیکن کراچی میں کسی بھی ادارے نے ان مچھروں کے خاتمے کےلیے کوئی منصوبہ تیار ہی نہیں کیا۔ اگر مچھروں کے خاتمے کےلیے بھرپور مہم شروع نہ کی گئی تو اس بات کا قومی امکان ہے کہ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہوجائے گا جہاں بڑی تعداد میں لوگ زیکا وائرس کا شکار ہوسکتے ہیں کیونکہ زیکا وائرس بھی انہی مچھروں سے جنم لے رہا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: چکن گنیا کے ممکنہ حملے سے 2006 میں ہی خبردار کردیا تھا، پروفیسر ڈاکٹر امتیاز

ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ پاکستان میں زیکا وائرس کا بخار پھیلنے کا شدید خطرہ موجود ہے کیونکہ زیکا وائرس پھیلانے والا ایڈیز ایچپٹائی مچھر پاکستان میں موجود ہے جبکہ پاکستان کا ماحول اور آب و ہوا اس مچھر کے پھیلاؤ کےلیے سازگار بھی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت زیکا وائرس کے خطرے کا درست ادراک کرے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرے ورنہ ڈینگی اور زیکا وائرس ایک ساتھ مل کر حملہ آور ہوسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔