ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

ویب ڈیسک  منگل 6 جون 2017
پشاور میں آندھی اور بارش سے کئی فیڈرز متاثر ہوئے ؛فائل فوٹو

پشاور میں آندھی اور بارش سے کئی فیڈرز متاثر ہوئے ؛فائل فوٹو

اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث کئی دن سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

گزشتہ کئی روز سے ملک میں شدید گرمی کے باعث لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا تھا ، بے تحاشہ گرمی کے ساتھ بجلی کی بندش سے بھی عوام تنگ آئے ہوئے تھے ،تاہم گزشتہ رات اسلام آباد ،پشاور،کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی تیز بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے۔

گزشتہ رات پشاور میں آندھی اور بارش سے کئی فیڈرز  متاثر ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی،تاہم 85 میں سے 79 فیڈرز بحال کردئیے گئے ہیں۔

محمکہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک ،تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے منگل سے جمعہ کے دوران خیبر پختونخوا،فاٹا ،گلگت بلتستان، کشمیر،گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویژن اور اسلام آباد میں وقفے وقفے کے ساتھ کہیں آندھی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ہزارہ ڈویژن ،کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے،تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔