وزیراعلیٰ سندھ کا اے ون گریڈ والے طلبہ کو ایک لاکھ روپے کی اسکالر شپ دینے کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 6 جون 2017
 بجٹ میں تعلیم پر سب سے زیادہ زور دیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ کی پوسٹ بجٹ نیوز کانفرنس. فوٹو : فائل

بجٹ میں تعلیم پر سب سے زیادہ زور دیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ کی پوسٹ بجٹ نیوز کانفرنس. فوٹو : فائل

 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میٹرک اور انٹر میں اے ون گریڈ لینے والے طلبہ کو فی کس ایک لاکھ روپے اسکالر شپ دی جائے گی۔

کراچی میں پوسٹ بجٹ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے بجٹ میں سب سے زیادہ فنڈز تعلیم کے لیے مختص کیے ہیں، تعلیم کے بعد بجٹ میں دوسرا نمبر صحت اور پھر سیکورٹی کے لیے رقوم مختص کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کا  10 کھرب 43 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ بجٹ میں تعلیم کے لیے 20 فیصد یعنی 202 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے میٹرک اور انٹر کے بچوں کی امتحانی فیس معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر کے بورڈز میں بچوں کی امتحانی فیس حکومت ادا کرے گی جس کے لیے ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ اسکولوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 4 ارب 60 کروڑ روپے کا بجٹ ہے جب کہ لڑکیوں کے وظیفے کے لیے ڈیڑھ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے اس وقت 4 لاکھ بچے مستفید ہو رہے ہیں جسے بڑھا کر 6 لاکھ کیا جائے گا اور اس کے لئے حکومت نے 8 ارب روپے مختص کئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت کے لیے 103 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انڈس اسپتال کی گرانٹ 50 کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب کردی گئی ہے جب کہ ایس آئی یو ٹی کی گرانٹ ساڑھے 4 ارب کر دی گئی ہے۔ این آئی سی وی ڈی (ادارہ امراض قلب) کی گرانٹ ایک ارب 80 کروڑ روپے سے بڑھا کر 5 ارب 50 کروڑ روپے کر دی گئی ہے جس کے تحت لاڑکانہ اور ٹنڈو محمد خان میں 2 سیٹ لائٹ اسپتال بھی قائم کیے جائیں گے۔ این آئی سی وی ڈی دنیا میں سب سے زیادہ انجیو پلاسٹی کرنے والا اسپتال ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جب کہ اگلے سال کا ترقیاتی بجٹ 344 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔