نوازشریف اُس مافیا کے گاڈ فادر ہیں جو ملک کو لوٹ رہا ہے،عمران خان

ویب ڈیسک  منگل 6 جون 2017

نتھیا گلی: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کرپشن کے ساتھ اُس مافیا کے گاڈ فادر ہیں جو ملک کو لوٹ رہا ہے اور یہ سیاسی مافیا ریاست کے اداروں کو تباہ کررہی ہے۔

نتھیا گلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے  رہنما نذرگوندل کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نذر گوندل کی  پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں جو بھی تحریک انصاف میں آرہے ہیں وہ پارٹی کے وژن کی وجہ سے آرہے ہیں، سندھ میں بہت بڑا خلا ہے لوگ وہاں بھی تبدیلی چاہتے ہیں کیوں کہ تبدیلی کبھی بھی نیچے سے اوپر نہیں آتی بلکہ اوپر سے نیچی آتی ہے جب کہ اسٹیٹس کو کی جماعتوں نے ملک کے اداروں کوتباہ کیا ہے اب لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ اسٹیٹس کو کے ساتھ رہنا ہے یا تبدیلی چاہتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کرپشن کے گاڈ فادر ہیں اور وہ ان مافیا کے گاڈ فادر ہیں جو ملک کو لوٹ رہے ہیں، یہ سیاسی مافیا ریاست کے اداروں کو تباہ کررہی ہے جب کہ جے آئی ٹی کے قیام کے فیصلے پر یہ لوگ خوشیاں منارہے تھے مگر اب یہی جے آئی ٹی کو مشکوک بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پیش گوئی کررہا ہوں یہ لوگ اب پھنس چکے ہیں کیوں کہ قطری شہزادے نے بھی گواہی کے لیے آنے سے انکار کردیا ہے اور مجھے  لگ رہا ہے (ن) لیگ جے آئی ٹی پر حملہ کرے گی تاہم یہ 1997 نہیں اور نہ ہی اب کوئی چپ بیٹھے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔