شوال کا چاند کس تاریخ کو نظرآئے گا؟

ویب ڈیسک  بدھ 7 جون 2017
25 جون کی شام شوال کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں،فوٹو:فائل

25 جون کی شام شوال کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں،فوٹو:فائل

رمضان کا مہینہ شروع ہوتے ہی عام لوگوں میں یہ جاننے کی خواہش بھی بڑھنے لگتی ہے کہ اس سال 29 روزے ہوں گے یا 30 اور یہ کہ عیدالفطر کب آئے گی۔

خوش قسمتی سے اس سال کے بارے میں عیدالفطر کی پیش گوئی بہت آسان ہے۔ فلکیاتی معلومات کےلیے مخصوص ویب سائٹس کے جائزے سے پتا چلتا ہے کہ اس سال ماہِ رمضان کے چاند کی پیدائش (پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق) 26 اور 27 مئی کی درمیانی شب 12 بج کر 44 منٹ پر ہوئی تھی جبکہ اس کی مکمل عمر 29 دن، 6 گھنٹے اور 46 منٹ ہوگی۔

پاکستانی وقت کے مطابق اس سال عیدالفطر یعنی شوال کے چاند کی پیدائش 24 جون کی صبح 7 بج کر 30 منٹ پر ہوگی اور اس شام جب غروبِ آفتاب کا وقت آئے گا تو چاند کی عمر صرف بارہ گھنٹے کے لگ بھگ ہوگی اور وہ سورج غروب ہونے کے صرف پانچ منٹ کے اندر اندر ہی غروب ہوجائے گا۔ یہ پاکستان میں 28 ویں روزے کی شام ہوگی اور رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس اس کے اگلے روز یعنی 25 جون کی شام منعقد ہوگا۔

رویتِ ہلال کا سابقہ ریکارڈ سامنے رکھا جائے تو معلوم ہوگا اگر چاند کی عمر 19 گھنٹے سے کم ہو تو اس کی رویت کا امکان بھی بہت کم ہوتا ہے جبکہ 12 گھنٹے عمر والے چاند کی رویت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ آسان الفاظ میں یوں سمجھ لیجیے کہ پاکستان کے وہ مقامات جہاں رمضان المبارک کا آغاز باقی ملک سے ایک دن پہلے کردیا گیا تھا، وہاں بھی 24 جون کی شام چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔

البتہ 25 جون کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 36 گھنٹے ہوگی۔ تب تک وہ نہ صرف خاصا نمایاں ہوچکا ہوگا بلکہ غروبِ آفتاب پر افق سے اس کی اونچائی بھی خاصی زیادہ ہوگی اور وہ سورج کے 30 منٹ بعد غروب ہوگا۔ یعنی 25 جون کی شام شوال کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور یہ کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں عیدالفطر 26 جون 2017 بروز پیر ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔