حصص مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں محدود، معمولی بہتری

بزنس رپورٹر  جمعرات 8 جون 2017
186کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمایہ20ارب روپے بلند،23 کروڑ25 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

186کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمایہ20ارب روپے بلند،23 کروڑ25 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

 کراچی:  پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی کاروباری سرگرمیاں محدود رہنے سے اتارچڑھاؤ کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رونما ہوئی جس سے50.40 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کی وجہ سے کیپیٹل مارکیٹ میں سرگرمیاں انتہائی محدود ہوگئی ہیں جسکی وجہ سے مارکیٹ میں وسیع البنیاد سرمایہ کاری کا فقدان ہے، بدھ کوکاروباری دورانیے میں ایک موقع پر175.89 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی جو بعدازاں ایک موقع پر205.84 پوائنٹس کی تیزی میں تبدیل ہوگئی لیکن اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے کی وجہ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی،کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 18.18 پوائنٹس کے اضافے سے 50162.61، کے ایم آئی30 انڈیکس72.14 پوائنٹس بڑھ کر 34713.51 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 100.68 پوائنٹس کے اضافے سے 24497.08 ہوگیا۔

اس کے برعکس کے ایس ای30 انڈیکس8.95 پوائنٹس کی کمی سے26237.36 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت0.33 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر23 کروڑ25 لاکھ8 ہزار380 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار369 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں186 کے بھاؤ میں اضافہ، 167 کے داموں میں کمی اور16 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔