فکسنگ اسکینڈل میں برطانیہ شواہد فراہم کرنے کیلیے تیار

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 8 جون 2017
پی سی بی نے شرجیل خان اور خالد لطیف کو  بطور گواہ پیش کرنے کی درخواست واپس لے لی ہے۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے شرجیل خان اور خالد لطیف کو بطور گواہ پیش کرنے کی درخواست واپس لے لی ہے۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی اسپاٹ فکسنگ کیس کے شواہد فراہم کرنے کیلیے تیارہوگئی۔

پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں معطل شرجیل خان بدھ کو بھی ٹریبیونل کے سامنے پیش ہوئے، کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اوپنر کے وکیل شیغان اعجاز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے شرجیل خان اور خالد لطیف کو  بطور گواہ پیش کرنے کی درخواست واپس لے لی ہے، آج کی کارروائی سے واضح ہو گیا ہے کہ پی سی بی تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ دونوں کرکٹرز کو بطور گواہ پیش کرنے کی درخواست وقتی طور پر واپس لی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ناصر جمشید کی تحقیقات کرنے والی انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی  نے بی سی بی کے جی ایم لیگل سلمان نصیر کو آگاہ کردیاکہ وہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے حوالے شواہد فراہم کرنے کیلیے تیار ہے، رواں ماہ کے آخر تک معلومات حاصل ہوجائیں گی،ان سے پی سی بی کا کیس مضبوط ہو گا۔

ٹریبیونل کو بتایا ہے کہ اس اہم پیش رفت کے بعد دونوں کرکٹرز کو بطور گواہ پیش کرنے کیلیے درخواست واپس لے رہے ہیں لیکن اگر چاہیں تو دوبارہ داخل کرسکیں گے، تفضل رضوی نے کہا کہ شرجیل خان نے بکیز سے ملاقات اور دیگر کئی شواہد سے انکار نہیں کیا، دوسری جانب خالد لطیف تو اینٹی کرپشن کوڈ کو ہی تسلیم نہیں کررہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔