برطانیہ میں عام انتخابات کے لیے پولنگ

ویب ڈیسک  جمعرات 8 جون 2017

 لندن: برطانیہ میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

برطانوی خبرایجنسی کے مطابق برطانیہ میں پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے ہوا اوررات 10 بجے تک جاری رہے گا۔ جس میں برطانیہ کے 4 کروڑ 69 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز پارلیمان کے ایوان زیریں یعنی دارالعوام کے 650 ارکان منتخب کریں گے۔ پولنگ کے لیے پورے ملک میں 40 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

عام انتخابات میں 650 حلقوں سے 3 ہزارسے زیادہ امیدوار انتخاب لڑرہے ہیں جن میں 30 پاکستانی نژاد برطانوی شہری بھی شامل ہیں۔ لیبر پارٹی کی جانب سے 14، لبرل ڈیموکریٹس کی جانب سے 9، حکمران جماعت کنزویٹیو پارٹی کی جانب سے 6 اور اسکاٹش نیشنل پارٹی نے ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو میدان میں اتارا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں گزشتہ عام انتخابات 2015 میں ہوئے تھے تاہم برطانوی عوام کی جانب سے یورپی یونین سے انخلا کے حق میں رائے شماری جانے کے بعد ڈیوڈ کیمرون نے وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ان کی جگہ تھریسا مے نے ذمہ داریہاں سنبھالی تھیں تاہم بعد میں انہوں نے بھی قبل از وقت انتخابات کا اعلان کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔