پارلیمنٹ کے باہر شہری کا شیخ رشید سے جھگڑا

ویب ڈیسک  جمعرات 8 جون 2017

 اسلام آباد: پارلیمنٹ کے باہر ملک نور اعوان نامی شخص نے شیخ رشید کو گھیر کر ان پر 22 لاکھ روپے کا دعویٰ کردیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک کے  باہر کافی دیر سے شیخ رشید کے منتظر ملک نور اعوام نامی شخص نے جیسے ہی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو دیکھا تو ان پر  جھپٹ پڑا اور بازو پکڑ کر شور شروع کردیا۔

ملک نور اعوان نامی شخص کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے مجھ سے گاڑی لی تھی جس کے 22 لاکھ روپے تاحال ادا نہیں کئے، میں غریب آدمی ہوں اور رقم بہت بڑی ہے، اس کے لئے متعدد بار لال حویلی بھی جاچکا ہوں لیکن شیخ رشید میرے پیسے واپس نہیں کررہے اور اگر یہ بات جھوٹ ہے تو شیخ رشید مسجد میں جاکر قرآن اٹھا کر حلف دیں کہ انہوں نے میرے پیسے نہیں دینے۔

اس خبرکوبھی پرھیں:  یقین ہے کہ پاناما کیس کی جے آئی ٹی میں نون کا جنازہ نکلے گا

شیخ رشید معاملہ پارلیمنٹ میں لے گئے اور انہوں نے پریذائڈنگ افسر چوہدری محمود بشیر ورک کو بھی شکایت کی جس پر پریذائیڈنگ افسر نے  ڈی ایس پی  پارلیمنٹ اور سارجنٹ ایٹ آرمز کو مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ملک نور اعوان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید سے جھگڑا کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اسپیکر کی ہدایت کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نواز شریف چاہتے ہیں فوج انھیں نکالے

دوسری جانب شیخ رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پہلے بھی متعدد بار آگاہ کرچکا ہوں کہ پارلیمنٹ غیر محفوظ ہے جب کہ مجھے بھی کئی روز سے دھمکیاں مل رہی ہیں اور اس حوالے سے وزیرداخلہ کو بھی مطلع کرچکا ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو میرے 62، 63 کے کیس کی بہت تکلیف ہے اور میں شریفوں کا قبر کی دیواروں تک پیچھا کروں گا، نور اعوان نامی شخص (ن) لیگ کا گلو بٹ ہے اگر مجھے کچھ بھی ہوا تو اس کے ذمہ دار نوازشریف اور شہبازشریف ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔