دہشت گردی کی لعنت کو مشترکہ جواب دینے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

ویب ڈیسک  جمعرات 8 جون 2017
پاک فوج انسداد دہشت گردی آپریشنز کا وسیع تجربہ رکھتی ہے، آرمی چیف۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج انسداد دہشت گردی آپریشنز کا وسیع تجربہ رکھتی ہے، آرمی چیف۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی ایک لعنت ہے جس کا مشترکہ جواب دینے کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایس ایس جی کے تربیتی علاقے کا دورہ کیا اور نائیجیرین فوجی دستے کی تربیت مکمل ہونے کی تقریب میں شرکت کی۔ نائیجیرین فوج کے 26 افسروں سمیت 440 جوانوں نے پاکستانی افسران کی زیر نگرانی تربیت مکمل کی اور تقریب میں نائیجیریا کے قائم مقام ہائی کمشنر نے بھی شرکت کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: دہشت گردی کی کارروائیاں ہمارے قومی عزم کو کم نہیں کرسکتیں

اس موقع پر آرمی چیف نے تربیت کے معیار کی تعریف کی اور کہا کہ پاک فوج انسداد دہشت گردی آپریشنز کا وسیع تجربہ رکھتی ہے جبکہ دوست ممالک کا انسداد دہشت گردی کی صلاحیت میں اضافہ خوش آئند ہے۔

دورے کے موقع پر آئی جی ٹی اینڈ ای لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان ،کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔