مجھے اب شریف برادران جیل میں نظر آرہے ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعرات 8 جون 2017
سارے درباری شریف خاندان کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں،عمران خان ۔ فوٹو: فائل

سارے درباری شریف خاندان کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں،عمران خان ۔ فوٹو: فائل

سیالکوٹ: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ موٹو گینگ جے آئی ٹی پر حملے کررہا ہے جس کا مقصد شریف خاندان کو بچانا ہے لیکن مجھے اب شریف برادران جیل میں نظر آرہے ہیں۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تو (ن) لیگ والوں نے مٹھائیاں بانٹی لیکن اب جب تلاشی لی جارہی ہے تو جے آئی ٹی پر حملے کیے جارہے ہیں جس کا مقصد جے آئی ٹی کو متنازعہ بناکر شریف فیملی کو بچانا ہے اور یہ لوگ ہمیشہ بچتے رہے ہیں مگر اب نہیں بچیں گے جب کہ مجھے اب شریف برادران جیل میں نظر آرہے ہیں، ہم ان کے خلاف پیر کو سپریم کورٹ جائیں گے اور درخواست دیں گے کہ ان کے منہ بند کیے جائیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ وہی مسلم لیگ (ن) ہے جو اپنے امپائر سے میچ کھیلتی ہے اور امپائران کا اپنا نہ ہو تو یہ اس کے خلاف ہوجاتے ہیں جب کہ جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کے لیے یہ اپنے لوگوں کواستعمال کررہے ہیں، سارے درباری شریف خاندان کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں کیوں کہ ان کوپتا ہے ان کے پاس کچھ نہیں، اس لیے جے آئی ٹی کو متنازع بنارہے ہیں اور جس طرح جے آئی ٹی پرحملے کیے جارہے ہیں، مجھے (ن) لیگ کا سپریم کورٹ پرحملے کا وقت یاد آگیا۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں وارننگ دے رہا ہوں، جس طرف آپ جارہے ہیں ہم بھی وہی کریں گے کیوں کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی اسٹریٹ پاور ہے اور ہماری دھرنوں میں پریکٹس ہوگئی ہے، سڑکوں پر نکل کرمسئلے حل کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حسین شریف کی تصویرنکل آئی تو کون سے قیامت آگئی، وہ اوپر سے اترا کوئی شہزادہ ہے کہ کرسی پر بیٹھنے سے اس کی توہین ہوگئی یا کوئی ان سے تفتیش نہیں کرسکتا جب کہ یہ ملزم ہے کیوں کہ ان پرمنی لانڈرنگ، کرپشن، ٹیکس چوری، اثاثہ جات چھپانے کا کیس ہے۔

شیخ رشید سے پیش آنے والے واقعے پرعمران خان نے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مجھے مسلم لیگ (ن) سے اسی چیز کی امید ہے، یہ لوگ ہرتھوڑے دن بعد نیا فنکارلے آتے ہیں جب کہ شیخ رشید کے ساتھ جو کچھ کیا گیا، وہ منصوبے کے تحت تھا اور (ن) لیگ کو مخالفین کو مار پڑوانے کی پرانی عادت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔