حصص مارکیٹ میں پھر مندی

بزنس رپورٹر  جمعـء 9 جون 2017
کاروباری حجم بدھ کی نسبت 15.60 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر26 کروڑ87 لاکھ 94 ہزار770 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو؛ فائل

کاروباری حجم بدھ کی نسبت 15.60 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر26 کروڑ87 لاکھ 94 ہزار770 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو؛ فائل

 کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی سرمایہ کاروں کے محتاط طرزعمل کے باعث اتارچڑھاؤ کے بعدمندی کے  بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی50000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک بارپھر گرگئی۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کاروباری دورانیے میں شعبہ جاتی بنیادوں پر ہونے والی خریداری سرگرمیوں کے سبب ایک موقع پر 128.97 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس50291 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا تھا لیکن بعدازاں فوری منافع کے حصول کا رحجان غالب ہونے سے تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی جس کی شدت ایک موقع پر286.98 پوائنٹس کی کمی تک جا پہنچی تھی تاہم اختتامی لمحات میں بڑھتی ہوئی خریداری سرگرمیوں سے مندی کی شدت میں قدرے کمی ہوئی کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس204.48 پوائنٹس کی کمی سے 49958.33 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 152.19 پوائنٹس کی کمی سے26084.87، کے ایم آئی 30 انڈیکس307.25 پوائنٹس کی کمی سے 85960.65 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 37.98 پوائنٹس کی کمی سے24459.10 ہوگیا۔

واضح رہے کہ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 15.60 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر26 کروڑ87 لاکھ 94 ہزار770 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کادائرہ کار 377 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں146 کے بھاؤ میں اضافہ، 217 کے داموں میں کمی اور14 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔