شارٹ ٹرم ریونیو پالیسی، کسٹمز ویلیوایشن کی سرگرمیاں تیز

احتشام مفتی  ہفتہ 10 جون 2017
کاروباری لاگت بڑھ گئی،اسمگلنگ کوتقویت مل رہی ہے،امپورٹرز، اصلاح احوال کا مطالبہ۔ فوٹو: فائل

کاروباری لاگت بڑھ گئی،اسمگلنگ کوتقویت مل رہی ہے،امپورٹرز، اصلاح احوال کا مطالبہ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: ایف بی آر کے لیے شارٹ ٹرم ریونیوجنریشن کی پالیسی کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمزویلیوایشن کی سرگرمیاں بھی تیزرفتار ہوگئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ ویلیوایشن کی جانب سے درآمدی مصنوعات کی زمینی حقائق کے برعکس کسٹمز ویلیو اسیسمنٹ نے ٹریڈ سیکٹر کو زبردست اضطراب سے دوچار کردیا ہے۔

درآمدکنندگان کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ کسٹمزویلیوایشن کی جانب سے درآمدی اشیا کی عالمی قیمتوں سے کئی فیصد زائد قیمتوں کی اسیسمنٹ کی جارہی ہے تاکہ اس زائد تشخیص شدہ ویلیوکے تناسب سے کسٹم ڈیوٹی ودیگرٹیکسوں کی وصولیاں ممکن ہوسکیں۔

ذرائع نے بتایاکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن میں تعینات پرنسپل اپریزرجنھیں اعلیٰ افسران کی سرپرستی حاصل ہے، درآمدی اشیا کی ویلیومیں کمی کے لیے متعلقہ درآمدکنندگان سے اسپیڈ منی طلب کی جاتی ہے اورمطلوبہ اسپیڈ منی نہ ملنے کی صورت میں اشیا کی درآمدی ویلیومیں 200فیصد تا400 فیصد اضافہ کردیا جاتا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ کسٹمز ویلیوایشن کے اس طرز عمل کی وجہ سے ملک میں نہ صرف کاروباری لاگت میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ درآمدی ویلیوبڑھنے اور زائد ڈیوٹی وٹیکسزعائد ہونے سے درآمدہ اشیا کی اسمگلنگ کو تقویت مل رہی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ ویلیوایشن رولنگ میں ہر تین ماہ بعد ردوبدل کیاجاتاہے اورہرتین ماہ بعد ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیو ایشن میں تعینات افسران درآمدی اشیا کی قیمتیں نہ بڑھانے کے عوض درآمدکنندگان سے رقوم کامطالبہ کیا جاتا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ حال ہی میں لائٹ فٹنگ کی درآمدی ویلیومیں اضافے نہ کرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمزویلیوایشن میں تعینات پرنسپل اپریزر کی جانب سے مبینہ طور پرایک کروڑروپے طلب کیے گئے۔ جس میں سے 70لاکھ روپے کی ادائیگی متعلقہ درآمدکنندگان کی جانب سے کردی گئی تھی لیکن بعد ازاں رقم بڑھانے کامطالبہ کیا گیا اور پرنسپل اپریزرکی جانب سے وصولی کیے جانے والے 70لاکھ روپے واپس کردیے گئے۔

علاوہ ازیں درآمدی شعبے کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمزویلیوایشن کی جانب سے مارکیٹ کا جائزہ لیے بغیربھاری رقوم وصول کرکے درآمدی اشیا کی قیمتوں میں ردوبدل کیاجاتاہے۔ ذرائع نے بتایاکہ کسٹمزویلیوایشن کے اس عمل سے اسمگلنگ کو فروغ مل کررہاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔