پی آئی اے ملازمین کو 3 سال قبل جاری عید ایڈوانس کی کٹوتی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 10 جون 2017
موجودہ سی بی اے انتظامیہ سے مل کرملازمین کے ساتھ سازش میں مصروف ہے، ملازمین کا موقف۔ فوٹو : فائل

موجودہ سی بی اے انتظامیہ سے مل کرملازمین کے ساتھ سازش میں مصروف ہے، ملازمین کا موقف۔ فوٹو : فائل

 کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن انتظامیہ نے عید کے موقع پر ملازمین کو ایک لیٹرجاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی جانب سے 3 سال قبل ملازمین کو عید ایڈوانس دیاگیا تھا جس کی واپسی کیلیے ملازمین کی تنخواہوں سے رقم منہا کی جائے گی۔

مکتوب جاری ہونے کے بعد پی آئی اے کے ایک سے گروپ 5 تک کے ملازمین میں شدید بے چینی پھیل گئی اور ملازمین اس بات پر حیرت کا اظہارکررہے ہیں کہ عید ایڈوانس کی رقم منہا کرنے کا لیٹر عید کے موقع پر جاری کیا گیا تاکہ ملازمین کوامسال عید ایڈوانس سے محروم رکھا جا سکے.

دوسری جانب پی آئی اے میں کام کرنے والے محنت کشوں کا کہنا تھا کہ 3سال قبل دیا جانے والا عید ایڈوانس منہا کرنے کے لیٹر پر موجودہ سی بی اے ایئرلیگ نے بھی چپ سادھ رکھی ہے جبکہ اس وقت سی بی اے کا دعویٰ تھا کہ عید ایڈوانس کی رقم منہا نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پی آئی اے انتطامیہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے 50 ہزار روپے جو بطور عید ایڈوانس دیے گئے تھے اب یہ رقم آئندہ ماہ سے ملازمین کی تنخواہوں سے رقم منہا کی جائے گی تاہم ملازمین نے پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے مکتوب کواوچھے ہتھکنڈے قرار دیدیا اور اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔