پاکستان میں ’زیروڈارک تھرٹی‘ ’ہوم لینڈ‘ اور’لاسٹ ریزورٹ‘ کا بائیکاٹ

اے ایف پی  بدھ 30 جنوری 2013
ڈی وی ڈی کی شکل میں امریکی فلم اور ڈراموں کی بڑے پیمانے پر فروخت جاری.  فوٹو: ایکسپریس

ڈی وی ڈی کی شکل میں امریکی فلم اور ڈراموں کی بڑے پیمانے پر فروخت جاری. فوٹو: ایکسپریس

کراچی: پاکستانی فلم ڈسٹری بیوٹرز، ٹی وی چینلز اور کیبل آپریٹرزنے ممکنہ عوامی اشتعال اور فسادسے بچنے کیلیے متنازع امریکی فلم ’زیرو ڈارک تھرٹی‘اورامریکی ڈرامے ’ہوم لینڈ‘ اور ’لاسٹ ریزورٹ‘ کا بائیکاٹ کردیا ہے جبکہ ڈی وی ڈی کی شکل میںالقاعدہ کے سربراہ اسا مہ بن لادن پر امریکی فلم اور ڈراموں کی بڑے پیمانے پر فروخت جاری ہے۔

امریکی فلم ’زیروڈارک تھرٹی‘ میں اسامہ بن لادن کی تلاش میں سی آئی اے کے10سالہ آپریشن کی فلم بندی کی گئی ہے اس فلم نے امریکی سنیماؤں میں ریکارڈ توڑ قبولیت حاصل کی ہے اورآسکر ایوارڈ کی نامزدگی کیلیے5پوائنٹ حاصل کرلیے ہیں۔ ایک فلم تقسیم کار کمپنی سائنی پیکس کے محسن یاسین نے کہا کہ ’زیرو ڈارک تھرٹی‘ پاکستان کے قومی مفاد کے خلاف ہے اس فلم میں امریکی نقطہ نظر پیش کیا گیا ہے اس فلم کے کئی مناظر ایسے ہیں جو عوام میں اشتعال پیدا کرسکتے ہیں، یہ فلم تفتیش کے نام پر تشدد دکھانے پر امریکا میں بھی متنازع ہوچکی ہے۔

فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ہمیں ابھی تک ’زیرو ڈارک تھرٹی‘ کا جائزہ لینے کیلیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ سنسر بورڈ 2010 میں عوامی اشتعال سے بچنے کیلیے بھارتی مزاحیہ فلم ’تیرے بن لادن‘ پر پابندی لگاچکا ہے۔

8

اسی طرح پاکستان میں اسٹار ٹی وی کی نشریات کے حقوق رکھنے والے کیبل آپریٹر میکس میڈیا کے ایک نمائندے نے بتایا کہ ان کے ادارے نے ’ہوم لینڈ‘ اور ’لاسٹ ریزورٹ‘ نشر کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ’لاسٹ ریزورٹ‘ میںامریکا کے پاکستان پر ایٹمی حملے کو مرکزی خیال بنایا گیا ہے جبکہ ’ ہوم لینڈ ‘ کا مرکزی خیال ایک امریکی فوجی ہے جو مبینہ طور پر القاعدہ کا بھی ایجنٹ ہے۔

میکس میڈیا کے نمائندے کا کہنا ہے کہ یہ دونوں ڈرامے پاکستانی اقدار، ثقافت اور ملکی مفاد کیخلاف ہیں اور ان کو پیمرا کے ضابطہ اخلاق کے تحت نشر ہونے سے روکا گیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ ان ڈراموں میں اسلام کا مبہم تصور پیش کیا گیا ہے جس سے فساد پھیل سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔