پاکستان سے میچ؛ سری لنکا کو انجری مسائل نے گھیرلیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 11 جون 2017
یہ میچ سیمی فائنل میں رسائی کے تناظر میں دونوں ہی ٹیموں کے لیے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ فوٹو: فائل

یہ میچ سیمی فائنل میں رسائی کے تناظر میں دونوں ہی ٹیموں کے لیے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ فوٹو: فائل

کولمبو:  چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف اہم ترین میچ سے قبل سری لنکا کے فٹنس مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔

جمعرات کو بھارت کے خلاف اوول میں میچ کے دوران کوشل ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے انھیں 47 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا تھا، اس وقت تک انھوں نے کپتان انجیلو میتھیوز کے ساتھ 75 رنز کی شراکت سے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچادیا تھا۔ اسکواڈ میں ان کی جگہ لینے والے دھنن جایا ایک آف اسپنر اور ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں، انھوں نے آخری ون ڈے رواں برس فروری میں جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران کھیلا تھا، انھوں نے اب تک 16 ایک روزہ میچز میں 25.69 کی اوسط سے رنز اسکور کیے جس میں 3 ففٹیز بھی شامل ہیں۔

دھنن جایا گزشتہ برس آسٹریلیا کے خلاف اپنی ڈیبیو سیریز میں پرفارمنس کی وجہ سے کافی شہرت رکھتے ہیں جس میں انھوں نے کولمبو ٹیسٹ کے دوران سنچری اسکور کرکے سری لنکا کو کینگروز پر تاریخی کلین سوئپ میں مدد دی تھی۔

یاد رہے کہ گروپ بی میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان آخری میچ پیر کو کارڈف میں کھیلا جائے گا، یہ میچ سیمی فائنل میں رسائی کے تناظر میں دونوں ہی ٹیموں کے لیے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔