بھارت نے ویمنز کرکٹرز پر خزانے کا دروازہ کھول دیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 12 جون 2017
مینز اور ویمنز کھلاڑیوں کو ایک جیسا ہی یومیہ خرچ مل رہا ہے۔ فوٹو؛ فائل

مینز اور ویمنز کھلاڑیوں کو ایک جیسا ہی یومیہ خرچ مل رہا ہے۔ فوٹو؛ فائل

ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈنے ویمنز کرکٹرز کیلیے اپنے خزانوں کا دروازہ کھول دیا، تنخواہوں اورڈیلی الاؤنس میں اضافہ کردیا گیا، ورلڈ کپ کے دوران بھی فی میچ زیادہ رقم ملے گی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی خواتین کرکٹرز کیلیے زیادہ سہولیات کا اعلان کردیاہے، ان کے معاوضوں ، میچ فیس اورڈیلی الاؤنس میں اضافہ کیاگیا ہے، پہلے ویمنز ٹیم کو میچز کی تعداد سے قطع نظر کسی سیریز یا ٹورنامنٹ کیلیے 3 لاکھ روپے فی کس ملتے تھے، اب ورلڈ کپ سے ہرمیچ کے ایک لاکھ روپے ملیں گے، اسی طرح ڈیلی الاؤنس 50 ڈالر سے بڑھا کر مینز کھلاڑیوں کے برابر کردیاگیا جوکہ بیرون ملک 125 اور اندرون ملک کھیلتے ہوئے 100 ڈالر یومیہ ہوگا۔

بی سی سی آئی گیم ڈیولپمنٹ منیجر رتناکر شیٹھی کہتے ہیں کہ بھارتی ویمنز ٹیم ان دنوں بزنس کلاس پر سفر کررہی ہے جبکہ اس سے قبل ایسا نہیں تھا، ان کا ڈیلی الاؤنس بڑھا دیا گیا ہے، اسی طرح معاوضوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، مینز اور ویمنز کھلاڑیوں کو ایک جیسا ہی یومیہ خرچ مل رہا ہے۔

گذشتہ ماہ بھارتی کرکٹ بورڈسابق خواتین کرکٹرز کو ون ٹائم بینفیٹ کیش ایوارڈ بھی دیا، جس میں تین ون ڈے میچز کو ایک ٹیسٹ کے برابر قرار دیتے ہوئے 9 یا اس سے کم ٹیسٹ کھیلنے والی خواتین کرکٹرز کو 15 لاکھ، 10 سے 24 ٹیسٹ کھیلنے والی پلیئرز کو 25 لاکھ اور 25 سے 49 ٹیسٹ کھیلنے والی کرکٹرز کو 30 لاکھ روپے فی کس دیے گئے۔

اسی طرح بورڈ نے پنشن اسکیم کو بھی بہتر بنایا ہے جس کے تحت جن خواتین نے 2003-04 سے قبل ایک سے 9 ٹیسٹ میچزکھیلے انھیں 15ہزار روپے ماہانہ ملیں گے اور جنھوں نے 10 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلے وہ 22 ہزار روپے ماہانہ وصول کریں گی۔رتناکرشیٹھی کہتے ہیں کہ انگلینڈ روانگی سے قبل ویمنز ٹیم کیلیے ممبئی میں ایک کیمپ لگایاگیا، انھیں میڈیا کا سامنا کرنے کے حوالے سے بھی تربیت دی گئی، انھیں بتایا گیا ہے کہ اگر وہ انگلش بولنے میں ہچکچاہٹ محسوس کریں تو اپنی زبان میں ہی بات کریں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔