اسمارٹ جیکٹ کے ذریعے اب ڈرون اپنے جسم سے اڑائیں

ویب ڈیسک  منگل 13 جون 2017
سرپرلگا ہیلمٹ بتاتا رہتا ہے کہ جسمانی حرکات سے ڈرون پرکیا بیت رہی ہے اورآپ ہیڈ فونزسے ہوا کی شدت بھی محسوس کرسکتے ہیں فوٹو: نیوسائنٹسٹ

سرپرلگا ہیلمٹ بتاتا رہتا ہے کہ جسمانی حرکات سے ڈرون پرکیا بیت رہی ہے اورآپ ہیڈ فونزسے ہوا کی شدت بھی محسوس کرسکتے ہیں فوٹو: نیوسائنٹسٹ

اسٹاک ہوم: انسان خود سے تو پرواز نہیں کرسکتا لیکن اب اپنے جسم سے ہوائی جہاز اور ڈرون اڑانے کےقابل ضرور ہوگیا ہے۔

بچپن میں ہم سب ہی بازو پھیلائے تیز دوڑتے ہوئے خود کو ہوائی جہاز تصور کیا کرتے تھے لیکن اب ایک ورچول ریئلٹی (وی آر) ہیلمٹ اور سینسر لگی اسمارٹ جیکٹ پہن کر آپ ڈرون ضرور کنٹرول کرسکتےہیں۔ اس نظام کے ذریعے کمرے میں بیٹھے بیٹھے ایسے گمان ہوتا ہے کہ آپ خود ایک طیارے پر سوار ہیں اور وہ آپ کی حرکات و سکنات سے پرواز کررہا ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ای پی ایف ایل) کے نوجوان انجینیئروں نے ڈرون کنٹرول کرنے والی ایک جیکٹ تیار کی ہے جس میں لگے سینسر بدن کی حرکات و سکنات نوٹ کرتے ہیں اور اسے ہوا میں موجود اصل ڈرون تک بھیجتے ہیں  یا پھر اس جیکٹ کے ذریعے مجازی ماحول یا سمیولیٹر میں ایک طیارہ اڑایا جاسکتا ہے۔ آپ دائیں مڑتے ہیں تو ڈرون بھی دائیں جانب اڑنے لگتا ہے جب کہ بائیں مڑنے پر ڈرون بائیں سمت میں پرواز کرنے لگتا ہے۔ اگر آپ توازن کھودیں گے تو بےچارہ ڈرون بھی عدم توازن کا شکار ہوجائے گا۔

سر پر لگا ہیلمٹ آپ کو بتاتا رہتا ہے کہ جسمانی حرکات سے ڈرون پر کیا بیت رہی ہے، یہاں تک آپ ہیڈ فونز سے ہوا کی شدت بھی محسوس کرسکتے ہیں۔ گویا طیارہ ہوا میں ہے لیکن اس کا احساس آپ خود کرسکتے ہیں۔ اسی ورچوئل رئیلیٹی ہیلمٹ آپ کو زمین و فضا کے لحاظ سے ڈرون کی پوزیشن بتاتا رہتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔