فتح پر پاکستانی تارکین وطن بھی خوشی سے نہال

اسپورٹس ڈیسک  منگل 13 جون 2017
گرین شرٹس کو اگلے مرحلے میں ٹورنامنٹ میں سب سے اچھی کارکردگی دکھانے والے میزبان انگلینڈ کو زیر کرناہے۔ فوٹو : اے ایف پی

گرین شرٹس کو اگلے مرحلے میں ٹورنامنٹ میں سب سے اچھی کارکردگی دکھانے والے میزبان انگلینڈ کو زیر کرناہے۔ فوٹو : اے ایف پی

کارڈف:  گرین شرٹس کی فتح نے پاکستانی تارکین وطن کو بھی خوشی سے نہال کردیا، برطانیہ کے مختلف شہروں سے کارڈف آنے والے شائقین سیمی فائنل میں رسائی کا جشن مناتے رہے۔

ویلز کا دارالحکومت کارڈف لندن سے3 گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے، وہاں پیر کی صبح سے ہی برطانیہ کے مختلف شہروں سے پاکستانی شائقین آنے لگے تھے، بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ان میں سے کئی جھنڈے اٹھائے اور سبز ٹی شرٹس پہنے ہوئے تھے، سب یہی امید لیے کارڈف کی طرف رواں دواں تھے کہ پاکستان کی نوجوان ٹیم یہ مرحلہ عبور کرکے سیمی فائنل تک پہنچ جائے گی۔

کارڈف کے میدان میں مجموعی طور پر شائقین کی تعداد توقعات سے کافی کم تھی، پاکستانی بھی بہت زیادہ نہیں جبکہ سری لنکن تو آٹے میں نمک کے برابر تھے، پاکستانیوں میں سب سے نمایاں ٹیم کی اب تک 600 میچزمیں حوصلہ افزائی کرنے والے چاچا کرکٹ تھے جو سبز رنگ کا لمبا سا کرتا پہنے دور سے نظر آگئے، ان کو بھی پوری امید تھی کہ پاکستان کامیابی حاصل کرے گا۔

میچ شروع ہوا تو مطلع ابر آلود اور کالے بادلوں نے میدان کو گھیرا ہوا تھا لیکن بارش نے مداخلت نہیں کی، پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کیخلاف وارم اپ میچ میں پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے فہیم اشرف کو ڈیبیو کیپ دی گئی تو کھلاڑیوں اور شائقین نے بھرپور حوصلہ افزائی کی، بالآخر پاکستانی تارکین وطن کی آرزو پوری ہوگئی، فتح نے انھیں خوشی سے سرشار کردیا اور وہ سیمی فائنل میں رسائی کا جشن مناتے رہے۔

واضح رہے کہ اب گرین شرٹس کو اگلے مرحلے میں ٹورنامنٹ میں سب سے اچھی کارکردگی دکھانے والے میزبان انگلینڈ کو زیر کرناہے، یہ پہاڑ سر کرلیا تو امکان یہی ہے کہ فائنل میں ایک مرتبہ پھر روایتی حریف بھارت کا سامنا کرنا ہوگا جس کیلیے بنگلہ دیشی دیوار گرانا آسان لگ رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔