نیب کا ملائیشیا کی طرز پر اینٹی کرپشن اکیڈمی بنانے کا فیصلہ

نمائندہ ایکسپریس  منگل 13 جون 2017
چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری محکمانہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ فوٹو : آئی این پی

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری محکمانہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ فوٹو : آئی این پی

 اسلام آباد: چیئرمین قومی احتساب بیورو قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کرپشن فری پاکستان کیلیے پرعزم ہے، نیب کی انسداد بدعنوانی کی موثر پالیسی کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ نیب اپنا کام انتہائی سنجیدگی سے کر رہا ہے، نیب افسران ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمے کیلیے اپنی توانائیوںکو دگنا کریں تاکہ ہم عوام کی توقعات پر پورا اتر سکیں۔

ڈی جیز کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان نے کہا کہ کانفرنس میں تمام علاقائی بیوروز، اپ گریڈیشن، پراسیکیوشن، آگاہی و تدارک ڈویژن سمیت نیب ہیڈکوارٹرز کی کارکردگی اور موجودہ انتظامیہ کی جانب سے نیب کی کارکردگی میں بہتری کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، کانفرنس اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی کہ بدعنوانی کی روک تھام کیلیے شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا جائے گا، کانفرنس کے دوران نیب کے افسران کی استعداد کار میں اضافے کیلیے ملائیشیا کی نیشنل اینٹی کرپشن اکیڈمی کے طرز پر جدید اینٹی کرپشن ٹریننگ اکیڈمی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ فرائض کی موثر انداز میں ادائیگی کیلیے مسلسل تربیت ناگزیر ہے، نیب اپنے افسران کی عالمی معیارکی پیشہ ورانہ تربیت کو ترجیح دیتا ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین نے متعلقہ ڈپارٹمنٹ کو اس منصوبے پرکام تیز کرنے کی ہدایت کی، کانفرنس میں نیب افسران اور پراسیکیوٹرز کیلیے کیپسٹی بلڈنگ ٹریننگ پلان 2017 کے مطابق ریفریشرکورسز منعقدکرنے کا فیصلہ کیا گیا، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے تمام متعلقہ افسران کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔