روئی اورپھٹی کی قیمتوں میں300 روپے تک کمی

بزنس رپورٹر  بدھ 14 جون 2017
ٹیکسٹائل ملز بھی خریداری نہیں کر رہیں،مزیدکمی کاخدشہ ہے،احسان الحق
 فوٹو: اے پی پی/فائل

ٹیکسٹائل ملز بھی خریداری نہیں کر رہیں،مزیدکمی کاخدشہ ہے،احسان الحق فوٹو: اے پی پی/فائل

 کراچی:  کاٹن مارکیٹ میں روئی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے، سندھ میں کپاس کی نئی فصل سے تیار ہونے والی روئی کی قیمتیں2 روز کے دوران 300 روپے کمی سے 6700 روپے من ہو گئیں۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ امریکا، چین اور بھارت سمیت تمام بین الاقوامی منڈیوں میں روئی کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان اور ٹیکسٹائل ملز مالکان کی جانب سے روئی خریداری میں عدم دلچسپی کے باعث پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں کمی آئی۔

خدشہ ہے کہ اگر بین الاقوامی منڈیوں میں روئی کی قیمتیں کم ہوتی رہیں تو یہی رجحان پاکستان میں بھی سامنے آ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روئی کے ساتھ پھٹی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے، پھٹی کی قیمتیں 3600 سے کم ہو کر 3400 سے 3450 روپے ہو گئیں جس سے کاشتکاروں میں تشویش کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔