چیمپئنز ٹرافی؛ پاکستانی بیٹنگ تاحال بُری طرح فلاپ

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 14 جون 2017
حسن 7وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولرزکی فہرست میں تیسری پوزیشن پر موجود ۔  فوٹو : اے ایف پی فائل

حسن 7وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولرزکی فہرست میں تیسری پوزیشن پر موجود ۔ فوٹو : اے ایف پی فائل

 لاہور:  چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی بیٹنگ بُری طرح فلاپ نظر آئی،تاحال کوئی بیٹسمین ٹاپ 20 میں بھی شامل نہیں ہو سکا،اظہر علی 93 رنز بناکر 21 ویں نمبر پر ہیں،محمد حفیظ، شعیب ملک، بابر اعظم اور عماد وسیم بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

البتہ حسن علی 7 وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن پر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی بیٹنگ ابھی تک کوئی خاص تاثر چھوڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی،بھارت کیخلاف میچ میں تینوں شعبے ناکام ہوئے،جنوبی افریقہ اور سری لنکا کیخلاف فتوحات بولرز کی مرہون منت تھیں،اب تک اظہر علی93،فخر زمان 81، سرفراز احمد 76، محمد حفیظ60، بابر اعظم 49،شعیب ملک 42 اور عماد وسیم صرف 4رنز بنا سکے ہیں،احمد شہزاد کو پہلے میچ میں ناکامی پر ہی باہر کردیا گیا جس کے بعد فخر زمان نے دونوں میچز کھیلے، سرفراز احمد، اظہر علی اور فخر زمان ایک ایک ففٹی بنانے میں کامیاب ہوئے ،گروپ میچز مکمل ہونے پر کوئی پاکستانی ٹاپ 20میں بھی شامل نہیں، اب تک بھارتی شیکھر دھون271رنز کے ساتھ سرفہرست، کین ولیمسن(244  ) دوسرے، تمیم اقبال (223) تیسرے اور جوئے روٹ(212) چوتھے نمبر پر ہیں۔

اظہر علی اس فہرست میں 21،فخرزمان29، سرفراز احمد 32، محمد حفیظ 38، بابر اعظم 41 اور شعیب ملک 42ویں نمبر پر ہیں۔ دوسری جانب حسن علی 19.57کی اوسط سے 7وکٹیں لے کر ابھی تک نمایاں 3بولرز میں شامل ہیں،آسٹریلوی ہیزل ووڈ 9اور انگلش لیام پلنکٹ 8شکار کرچکے، بھارت کیخلاف وہاب ریاض کی ناقص ترین کارکردگی کے بعد ٹیم میں جگہ بنانے والے جنید خان نے 2میچز میں 18.60کی اوسط سے 5 کھلاڑیوںکو پویلین بھیجا،فہیم اشرف نے ایک میچ میں 37رنز دے کر 2وکٹیں لیں،عماد وسیم59.50 اور محمد عامر 67.5کی ایوریج سے 2،2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، شاداب خان نے 72اور محمد حفیظ نے 75کی اوسط سے ایک ایک وکٹ لی۔ یاد رہے کہ وہاب ریاض نے بھارت کیخلاف میچ میں 8.4اوورز میں 87رنز دیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔