بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی منظوری

ارشاد انصاری  جمعرات 15 جون 2017
ٹیکس ریکوری کیلیے چندروزمیں اکاؤنٹس منجمد کرنا شروع کردیے جائیں گے،ذرائع۔ فوٹو؛ فائل

ٹیکس ریکوری کیلیے چندروزمیں اکاؤنٹس منجمد کرنا شروع کردیے جائیں گے،ذرائع۔ فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے 75 ارب روپے سے زائد مالیت کے واجبات وصول کرنے کے لیے ٹیکس جمع نہ کرانے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈیسکوز)کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی منظوری ادے دی ہے، ماتحت ادارے ڈیسکوز کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرکے ٹیکس وصول کرنے کے لیے رقم نکلواسکیں گے۔

ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ وزارت پانی و بجلی کی مداخلت پر ایف بی آر نے تمام ماتحت اداروں کیلیے ٹیکس واجبات کی عدم ادائیگی پر ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن کی منظوری کے بغیر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈیسکوز)، نیشنل ٹرانسیمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ (سی پی پی اے جی) کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے پر پابندی عائد کردی تھی جس کیلیے ایف بی آر نے ملک بھر میں قائم 18 سے زائد ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز)، کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفسز (سی آر ٹی اوز) اور لارج ٹیکس پیئرز یونٹس کے چیف کمشنرز کو تحریری طور پر ہدایات بھجوا رکھی تھیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے یہ پابندی ایف بی آر اوروزارت پانی و بجلی کے درمیان پاور سیکٹر سے 75 ارب روپے سے زائد مالیت کے ٹیکس واجبات مذاکرات کے ذریعے وصول کے فیصلے کے تحت عائد کی گئی تھی جس میں وزارت پانی و بجلی نے ایف بی آر کو یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ کمپنیوں کی جانب سے ٹیکس واجبات کی ادائیگی میں ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا اور یہ ادارے ایف بی آر کو کمپلائنس کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی ریجنل ٹیکس آفسز نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز سے رجوع کیااور بتایا کہ متعدد بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں تعاون نہیں کررہیں اور ان کے ذمے اربوں روپے کے ٹیکس واجبات ہیں مگر وہ جمع نہیں کرا رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت پانی و بجلی کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں چونکہ یہ طے ہوا تھا کہ ان میں سے کوئی ادارہ ٹیکس ڈیمانڈ کے واجبات مذاکرات کے ذریعے ادا کرنے کیلیے تیار نہیں ہوتا اور ٹیکس اتھارٹیز کو ٹیکس ریونیو ریکور کرنے کیلیے ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ضرورت پڑتی ہے تو اس کی منظوری کیلیے ایف بی آر کے متعلقہ ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز)، کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفسز (سی آر ٹی اوز) اور لارج ٹیکس پیئرز یونٹس کے چیف کمشنر کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز سے رجوع کرنا ہو گااور ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن کی منظوری کے بعد مذکورہ کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جا سکیں گے، اسی فیصلے کے تحت ریجنل ٹیکس آفسز اور ایل ٹی یوزکی جانب سے ڈیسکوز و دیگر اداروں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرکے ٹیکس ریکوری کی اجازت کیلیے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر سے رجوع کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹیکس واجبات ادا نہ کرنے والی ڈیسکوز و اداروں کے چندروز میں اکاؤنٹس منجمد کرنا شروع کر دیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔