شاخ گوبھی شوگر کو کنٹرول کرنے میں معاون

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 جون 2017
شاخ گوبھی کو اس کی افادیت کی بنا پر سپر فوڈ کا درجہ حاصل ہے۔ فوٹو: فائل

شاخ گوبھی کو اس کی افادیت کی بنا پر سپر فوڈ کا درجہ حاصل ہے۔ فوٹو: فائل

جینیوا: شاخ گوبھی کے بے پناہ فوائد ہیں اور اب معلوم ہوا ہے کہ شاخ گوبھی (بروکولی) سے ذیابیطس کو کنٹرول کرنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔

طبی ماہرین کا خیال ہے کہ شاخ گوبھی پر مزید تحقیق سے اس کے دیگر فوائد بھی سامنے آئیں گے تاہم ابھی ماہرین کا اصرار ہے کہ اس کا جوس پینے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کو قابو میں رکھا جاسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق شاخ گوبھی میں ’سلفورافین‘ نامی ایک فائٹو کیمیکل پایا جاتا ہے جو خون میں شکر کی مقدار کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یہ تحقیق سوئٹزرلینڈ کی لیونڈ یونیورسٹی میں پروفیسر اینڈرز روزنگرین نے کی ہے، جن کا کہنا ہے کہ بہت سی اشیا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس سے ذیابیطس میں کمی ہوتی ہے لیکن حقیقت میں بروکولی اس کا بہترین علاج ہے۔ انہوں نے 97 موٹے مریضوں کو 12 ہفتوں تک شاخ گوبھی کا شیک پلایا تو ان کا نہار منہ شوگر لیول ڈرامائی طور پر کم ہو گیا۔ اگرچہ عام گوبھی میں سلفورافین پایا جاتا ہے لیکن شاخ گوبھی میں اس کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔

اس سے قبل ثابت ہوچکا ہے کہ بروکولی دل اور قلبی شریانی امراض، کئی طرح کے کینسرز اور بلڈ پریشر کے امراض میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے گوبھی کو دنیا بھر میں سپرفوڈز کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔