حادثات میں لوگوں کی جان بچانے والا روبوٹ سانپ

ویب ڈیسک  جمعرات 22 جون 2017
سانپ روبوٹ کی لمبائی 8 میٹر ہے اور یہ مشکل ترین جگہوں پر بھی رینگ سکتا ہے۔ فوٹو: فائل

سانپ روبوٹ کی لمبائی 8 میٹر ہے اور یہ مشکل ترین جگہوں پر بھی رینگ سکتا ہے۔ فوٹو: فائل

ٹوکیو: جاپانی ماہرین نے ایک ایسا روبوٹ بنایا ہے جس کے سرے پر ایک طاقتور کیمرہ لگا ہے اور اس پر چھوٹے چھوٹے برش جیسے بال ہیں جو رینگ کر کسی ٹوٹی عمارت اور ملبے کے اندر دور تک پہنچ سکتا ہے۔

جاپان کی ٹوہوکو یونیورسٹی کے پروفیسر ساٹوشی ٹاڈوکورو اور ان کے ساتھیوں کا تیار کردہ یہ روبوٹ دیواروں پر بھی چڑھ سکتا ہے اور زلزلے یا سونامی کے بعد کسی سانپ کی طرح رینگ کر بہت اندر تک جاسکتا ہے جب کہ یہ روبوٹ گردوغبار بھی صاف کرسکتا ہے۔ حادثات کے علاوہ یہ پلوں اور عمارتوں کی بنیادوں کا جائزہ بھی لے سکتا ہے تاکہ ان کے نقائص کا پہلے سے ہی تعین کیا جاسکے۔

روبوٹ کی لمبائی 26 فٹ کے لگ بھگ ہے اور یہ 20 سینٹی میٹر اونچی رکاوٹ عبور کرسکتا ہے جب کہ ضرورت پڑنے پر فوری طور پر سمت تبدیل کرلیتا ہے۔ 3 کلو وزنی یہ روبوٹ فی سیکنڈ 10 سینٹی میٹرکا فاصلہ طے کرسکتا ہے۔

ماہرین کو 2011 میں مشرقی جاپان کے زلزلے کے بعد اس روبوٹ کا خیال آیا تھا جو اب تیار ہوچکا ہے اور جانچ کے بعد اگلے 3 سال میں یہ دنیا بھر کے لیے پیش کردیا جائے گا۔ اس روبوٹ کو فوکوشیما سونامی کے بعد آزمایا بھی گیا تھا لیکن اب بھی یہ بعض رکاوٹوں کو عبور نہیں کرسکتا اور اس پر تحقیقی کام جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔