رنبیرکپوربھی اقربا پروری کے حامی نکلے

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 جون 2017
کپور خاندان گزشتہ چار نسلوں سے  فلم انڈسٹری سے وابستہ ہے ؛فائل فوٹو

کپور خاندان گزشتہ چار نسلوں سے فلم انڈسٹری سے وابستہ ہے ؛فائل فوٹو

ممبئی: بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے بھارتی انڈسٹری میں اقربا پروری کی موجودگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کے بچے بھی مستقبل میں یہ ہی پیشہ اپنائیں۔

گزشتہ کچھ عرصے قبل ادکارہ کنگنا رناوت نے کرن جوہر کے پروگرام کافی ود کرن میں ان پر اقربا پروری کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نئے اداکاروں کو موقع نہیں دیتے اور صرف مشہور شخصیات کے بچوں کولے کرہی فلمیں بناتے ہیں۔ ان کے اس بیان نے بالی ووڈ میں نیا تنازعہ کھڑا کردیا تھا جبکہ کرن جوہرنے وضاحت پیش کرتے ہوئے کنگنا کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی تردید کردی تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: رنبیر کپور اپنے دادا ’’راج کپور‘‘ پر بننے والی فلم میں مرکزی کردارادا کریں گے

اب اداکاررنبیر کپورنے اقربا پروری کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ میں اقربا پروری کا رجحان موجود ہے جس کی مثال وہ خود ہیں۔ انہوں نے اقربا پروری کو مثبت انداز میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے پردادا پریتھوی راج کپور نے فلم انڈسٹری میں نام کمانے کیلئے بے تحاشہ محنت کی تھی ان کی محنت اور کوششوں کے باعث ہی میرے دادا راج کپوراورگھر کے باقی افراد اس انڈسٹری میں آئے اورآج آپ مجھے بھی یہاں دیکھ رہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: دھرمیندر کی تیسری نسل نے بھی فلمی دنیا میں قدم رکھ دیا

رنبیرنے کہا کہ میں بھی اپنے پردادا کی طرح بہت محنت کررہا ہوں تاکہ آگے چل کرمیرے بچوں کواس انڈسٹری میں نام کمانے کیلئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں اپنی پہلی فلم باآسانی مل جائے۔ رنبیرکے اس بیان سے صاف ظاہرہے کہ وہ بھی اپنے بچوں کو مستقبل میں فلم انڈسٹری سے وابستہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ کپورخاندان گزشتہ چارنسلوں سے فلم انڈسٹری سے وابستہ ہے جن میں اداکارپرتھوی راج کپورکے بیٹے شمی کپور، ششی کپور، راج کپوراوران کے بیٹے رشی کپور، رندھیر کپور اوران کی اولادیں، کرینہ، کرشمہ اور رنبیر کپور شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔